رخسانہ جبیں کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ ہماری زمیں وہ تمہاری زمیں (غزل)
یہ ہماری زمیں وہ تمہاری زمیں
سرحدیں کھا گئی ہیں یہ ساری زمیں
تیری خاطر ہی کٹوائے سر بے شمار
قیمت ایسی چکا دی ہے بھاری زمیں
آنکھ اٹھی بھی نہ تھی تیری جانب ابھی
ضرب سینوں پہ لگوا دی کاری زمیں
غیر کوئی قدم رکھ نہ پائے یہاں
ندیاں خون کی کر دیں جاری زمیں
آسماں کا گماں سب کو ہونے لگا
چاند تاروں سے ہم نے سنواری زمیں
روز اگتا ہے سورج اسی کوکھ سے
اور ہر شام روئی کنواری زمیں
ایک معمہ ہے وہ ویسے کتنا بھولا بھالا ہے (غزل)
ایک معمہ ہے وہ ویسے کتنا بھولا بھالا ہے
ایک اک رنگ انوکھا اس کا ہر انداز نرالا ہے
شکوہ ہے میں چپ ہوں لیکن اتنا ہے معلوم مجھے
میرے پھول سے لفظوں سے وہ کانٹے چننے والا ہے
استفہام کے جنگل میں کب کون کہاں کیوں کیسا کیا
سوچ میں خود کو گم پایا ہے جب سے ہوش سنبھالا ہے
دنیا میں دیکھا ہے ہر سو جھوٹ کپٹ چھل مکر و فریب
اور یہ سننے میں آیا ہے جھوٹے کا منہ کالا ہے
کوئی سمجھا دے ساحل پر ماتم کرنے والوں کو
اپنی مرضی سے کشتی کو اس گرداب میں ڈالا ہے
اپنے اپنے طور پہ اہل فکر نے اس کو سوچا ہے
میں بس اتنا کہتی ہوں یہ موت کا ایک نوالا ہے