رخسانہ امروہوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میں کن لوگوں سے ملنا چاہتی تھی (غزل)
میں کن لوگوں سے ملنا چاہتی تھی
یہ کن لوگوں سے ملنا پڑ رہا ہے
الٰہی خیر کر تو اس جہاں کی
لہو کو رنگ کہنا پڑ رہا ہے
کہانی بن گئے دنیا میں ہم بھی
کوئی قصہ پرانا گھڑ رہا ہے
مرے دامن پہ جو کچھ لکھ گیا وہ
اسی کو روز پڑھنا پڑ رہا ہے
نہ جانے کل کا سورج کیا دکھائے
ابھی تو صبر کرنا پڑ رہا ہے
کسک رخسارؔ دل میں ہے ابھی تک
کوئی کانٹا سا جیسے گڑ رہا ہے
کھنڈر جو ہو گیا ایسا مکان کس کا تھا (غزل)
کھنڈر جو ہو گیا ایسا مکان کس کا تھا
ہوا جو سہہ نہ سکا سائبان کس کا تھا
زمین کس کی تھی اور آسمان کس کا تھا
خیال کس کا تھا دل میں گمان کس کا تھا
تھکے ہوئے تھے مسافر کنارے لگ جاتے
وہ کشتی ڈوب گئی بادبان کس کا تھا
غرور تھا جنہیں اپنی زمین داری کا
زمین دوز ہوا خاندان کس کا تھا
وہ ایک لمحہ بھی میرے قریب آ نہ سکا
میں جس کو چھو نہ سکی آسمان کس کا تھا
خدا سمجھ کے جھکایا تھا سر ترے آگے
جبیں پہ میری وہ دھندلا نشان کس کا تھا
جو چھین لے گیا مجھ سے مری متاع حیات
وہ ہاتھ تیرے مرے درمیان کس کا تھا
شکاری ہو کے ہوا خود شکار حیرت ہے
جو اونچے پیڑ پہ تھا وہ مچان کس کا تھا
وہ جس کی آج بھی رخسارؔ گونج باقی ہے
مثالی شہر میں وہ خاندان کس کا تھا
ریل کی آہنی پہیوں میں (نظم)
ریل کی آہنی پہیوں میں
اک جنبش ہوئی
دھیرے دھیرے بڑھی رفتار اس کی
پہلے درجے کے
ایک ڈبے میں
ایک تنہا مسافر
مڑ مڑ کر یہ کس کو دیکھتا تھا
ہلا کر ہاتھ اس سے
کہہ رہا تھا
الوداع رخصت
اور وہ ننھی سی
اک معصوم بچی
اپنی ماں کا ہاتھ مضبوطی سے تھامے
ریل کی بڑھتی ہوئی رفتار کو
نیچا دکھانے
دوڑنے لگتی ہے تیزی سے اور
رندھی ہوئی آواز میں
یہ کہتی جاتی ہے
خدا حافظ مرے بابا خدا حافظ
آداب مرے بابا آداب
تیز رفتاری سے گاڑی
ہو گئی نظروں سے اوجھل اور
ماں کے پیروں سے لپٹ کر
روتے روتے
کہا بچی نے
امی جیسے بابا جان
ہم کو چھوڑ کر تنہا گئے ہیں
دور ہم سب سے
یہ وعدہ کیجئے امی
کہ مجھ کو چھوڑ کر
بالکل اکیلی
کبھی مت جائیے گا
میری امی میری امی