پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رچی درولیہ کی غزلیں — Ruchi Darolia Ghazals

رچی درولیہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کوئی آئے کوئی جائے تماشہ اب نہیں ہوگا (غزل)

کوئی آئے کوئی جائے تماشہ اب نہیں ہوگا

محبت آخری تھی یہ تماشہ اب نہیں ہوگا

نکلنا چاہتا ہے وہ حقیقت میں کہانی سے

گرا دو خواب کے پردے تماشہ اب نہیں ہوگا

سنا ہے اس کہانی میں نئے کردار آنے ہیں

سنا ہے نام سے میرے تماشہ اب نہیں ہوگا

تمہاری نذر کرتی ہوں تمام اشعار یہ میرے

کہ صفحوں پر سیاہی سے تماشہ اب نہیں ہوگا

سبب جو بھی ہو رسوائی کا ذمہ عشق کے سر ہے

خدایا خیر ہو مجھ سے تماشہ اب نہیں ہوگا

تمہیں حق ہے کرو شکوہ خزاں کی رت ہے جان من

قبائیں ہم نہ کھولیں گے تماشہ اب نہیں ہوگا

رہے گا عشق محو زیست بے شک آخری دم تک

مگر ہاں نام پر اس کے تماشہ اب نہیں ہوگا

کہاں یہ چند راتوں کا اثر ہے (غزل)

کہاں یہ چند راتوں کا اثر ہے

زمانے پر زمانوں کا اثر ہے

اکیلے بیٹھ کر یوں مسکرانا

یہ ہاتھوں میں کتابوں کا اثر ہے

مکمل ہو رہا ہے عشق میرا

ارادوں سے وفاؤں کا اثر ہے

محبت گونجتی رہتی ہے مجھ میں

یہ برسوں کی خلاؤں کا اثر ہے

صفت جتنی بھی مجھ کو ہے عطا وہ

تمہارے ساتھ باتوں کا اثر ہے

جہاں تک دیکھتی ہوں تم ہی تم ہو

تصور پر سرابوں کا اثر ہے

پرندوں سے صبا سے خوشبوؤں سے

متأثر ہوں خرابوں کا اثر ہے

اچانک نیم شب وہ یاد آئے

نمایاں دو ستاروں کا اثر ہے

وثوق اتنا سوالوں میں ہمارے

تمہارے کچھ جوابوں کا اثر ہے

خاموش تھا ساحل (نظم)

خاموش تھا ساحل

لہریں بھی تھم چکی تھیں

پانی میں جھانکتے ہوئے

تاروں کی ایک لڑی تھی

چپکے سے بہہ رہی ہوا میں

سانسوں کی آواز تھی

کھویا تو کچھ نہیں تھا

پھر بھی جانے کیا تلاش تھی

تنہائی میں اکثر جو

یاد آئی ہے یہ وہ بات ہے

ہم کو تو یاد آج بھی

پہلی وہ ملاقات ہے

ایک شخص جو تھا اجنبی

دو قدم پر آ کر رک گیا

اس نے نہ کچھ کہا مگر

پھر بھی بہت کچھ کہہ گیا

اب نہ تھا خاموش ساحل

نہ لہر خاموش تھی

تارے سنور چکے تھے

ہوا میں عجب سی بات تھی

کتنا حسیں منظر تھا وہ

ہر بات میں کوئی بات تھی

شاید یہی وہ پل تھا

جس کی برسوں سے تلاش تھی

لیکن

لیکن جو تھا وہ تھا کبھی

یہی سچ ہے کہ وہ اب نہیں

شاید مقدر میں ہمارے

پہلے سی کوئی شب نہیں

آج برسوں بعد پھر

قدم وہیں کو چل دئے

آنکھوں میں انتظار اور

سوالوں کے بھنور لیے

بدلا نہیں کچھ آج بھی

وہی پہلے سا انداز ہے

خاموش ہے ساحل

لہریں بھی تھم چکیں ہیں

تاروں کی ایک لڑی ہے

سسکیوں کی آواز ہے

جسے کھو چکے ہیں ہم

ہمیں اس اجنبی کی تلاش ہے

اس اجنبی کی تلاش ہے

مزید غزلیں از رچی درولیہ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں