روبینہ ممتاز روبی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دھوکے پہ دھوکہ اس طرح کھاتے چلے گئے (غزل)
دھوکے پہ دھوکہ اس طرح کھاتے چلے گئے
ہم دشمنوں کو دوست بناتے چلے گئے
ہر زخم زندگی کو گلے سے لگا لیا
ہم زندگی سے یوں ہی نبھاتے چلے گئے
وہ نفرتوں کا بوجھ لیے گھومتے رہے
ہم چاہتوں کو ان پہ لٹاتے چلے گئے
جو خواب زندگی کی حقیقت نہ بن سکا
اس کے حسیں فریب میں آتے چلے گئے
روبیؔ چھپانا درد کو آساں نہ تھا مگر
ہم آڑ میں ہنسی کی چھپاتے چلے گئے
زندگی کا سفر کٹھن ہے بہت (غزل)
زندگی کا سفر کٹھن ہے بہت
چل رہی ہوں مگر تھکن ہے بہت
یوں تو کہنے کو ہے شریک سفر
پھر بھی لیکن اکیلا پن ہے بہت
گو خلوص و وفا کا ہے پیکر
اس کے لہجے میں پر چبھن ہے بہت
یاد اوڑھی ہوئی ہے اس کی یوں
لاش کو جیسے اک کفن ہے بہت
زندگی ہے عجیب الجھن میں
جی رہی ہوں مگر گھٹن ہے بہت
میں مکمل کبھی نہ ہو پائی
زندگی میں ادھوراپن ہے بہت
خاک ہوں میں زمیں ہے میرا نصیب
پھر بھی اڑنے کی کیوں لگن ہے بہت
زندگی کس کی یاد میں روبیؔ
مدتوں سے تری مگن ہے بہت
دل کی ٹھنڈک اور آنکھوں کی ضیا ہیں بیٹیاں (نظم)
دل کی ٹھنڈک اور آنکھوں کی ضیا ہیں بیٹیاں
جل کے خود جو روشنی دے وہ دیا ہیں بیٹیاں
کوئی پوچھے قدر ان سے جو یہاں محروم ہیں
وہ سمجھتے ہیں بتائیں گے کہ کیا ہیں بیٹیاں
ہیں پرایا دھن مگر اپنی ہی رہتی ہیں سدا
بڑھ کے بیٹوں سے بڑھاپے کا عصا ہیں بیٹیاں
بیٹیوں کو بار سمجھے جو بڑا بد بخت ہے
رحمت ربی ہیں اللہ کی رضا ہیں بیٹیاں
گھر کی خوشیاں رونقیں سب ان کے دم سے ہیں رواں
جو نصیبوں کو بدل دے وہ دعا ہیں بیٹیاں