روشن صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ذکر ان کا زبان پر آیا (غزل)
ذکر ان کا زبان پر آیا
گویا مالک مکان پر آیا
خاندانی وہ ہو نہیں سکتا
جو مرے خاندان پر آیا
کھول کر کے شکستہ پر اپنے
پھر پرندہ اڑان پر آیا
جس گھڑی آئے وہ مرے گھر میں
دل مرا آسمان پر آیا
اس نے رکھا جو پیر پانی میں
جھوما دریا اپھان پر آیا
دھول روشنؔ پہ سب نے پھینکی تھی
داغ نہ اس کی شان پر آیا
آپ کی رہبری نہیں ہوتی (غزل)
آپ کی رہبری نہیں ہوتی
زندگی زندگی نہیں ہوتی
روبرو تم سے گر نہیں آتے
دل کی دھڑکن تھمی نہیں ہوتی
چاہے درویش وہ قلندر ہو
خواہشوں میں کمی نہیں ہوتی
ذکر جاناں نہ جس میں شامل ہو
بندگی بندگی نہیں ہوتی
مختلف ہے مزاج دونوں کا
نثر میں شاعری نہیں ہوتی
دل کے ماروں کو ملتی جو منزل
تو یہاں خودکشی نہیں ہوتی
وقت رہتے گلے لگا لو تم
پیار میں بے رخی نہیں ہوتی
تم اگر چھوڑ کر نہیں جاتے
غم زدہ زندگی نہیں ہوتی
لاکھ کوشش کروں مگر روشنؔ
درد دل میں کمی نہیں ہوتی