پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ریاض مجید کی غزلیں — Riaz Majeed Ghazals

ریاض مجید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جب اگلے سال یہی وقت آ رہا ہوگا (غزل)

جب اگلے سال یہی وقت آ رہا ہوگا

یہ کون جانتا ہے کون کس جگہ ہوگا

تو میرے سامنے بیٹھا ہے اور میں سوچتا ہوں

کہ آئے لمحوں میں جینا بھی اک سزا ہوگا

ہم اپنے اپنے بکھیڑوں میں پھنس چکے ہوں گے

نہ تجھ کو میرا نہ مجھ کو ترا پتا ہوگا

یہی جگہ جہاں ہم آج مل کے بیٹھے ہیں

اسی جگہ پہ خدا جانے کل کو کیا ہوگا

یہی چمکتے ہوئے پل دھواں دھواں ہوں گے

یہی چمکتا ہوا دل بجھا بجھا ہوگا

لہو رلائے گا وہ دھوپ چھاؤں کا منظر

نظر اٹھاؤں گا جس سمت جھٹپٹا ہوگا

بچھڑنے والے تجھے دیکھ دیکھ سوچتا ہوں

تو پھر ملے گا تو کتنا بدل چکا ہوگا

وقت خوش خوش کاٹنے کا مشورہ دیتے ہوئے (غزل)

وقت خوش خوش کاٹنے کا مشورہ دیتے ہوئے

رو پڑا وہ آپ مجھ کو حوصلہ دیتے ہوئے

اس سے کب دیکھی گئی تھی میرے رخ کی مردنی

پھیر لیتا تھا وہ منہ مجھ کو دوا دیتے ہوئے

خواب بے تعبیر سی سوچیں مرے کس کام کی

سوچتا اتنا تو وہ دست عطا دیتے ہوئے

بے زبانی بخش دی خود احتسابی نے مجھے

ہونٹ سل جاتے ہیں دنیا کو گلہ دیتے ہوئے

اپنی رہ مسدود کر دے گا یہی بڑھتا ہجوم

یہ نہ سوچا ہر کسی کو راستہ دیتے ہوئے

آپ اپنے قتل میں شامل تھا میں مقتول شوق

یہ کھلا مجھ پر طلب کا خوں بہا دیتے ہوئے

وہ ہمیں جب تک نظر آتا رہا تکتے رہے

گیلی آنکھوں اکھڑے لفظوں سے دعا دیتے ہوئے

جانے کس دہشت کا سایہ اس کو مہر لب ہوا

ڈر رہا ہے وہ مجھے کھل کر صدا دیتے ہوئے

بے اماں تھا آپ لیکن معجزہ ہے یہ ریاضؔ

ہالۂ شفقت تھا اس کو آسرا دیتے ہوئے

تری خواہش نے کس تشکیک کا ملبوس پہنا ہے (نظم)

تری خواہش نے کس تشکیک کا ملبوس پہنا ہے

تری بابت کسی سے پوچھنے میں خوف آتا ہے

وہ جانے کیا ہے

ترے بارے میں کوئی بات بھی کرتا ہوں تو ڈرتا ہوں

جانے گفتگو کیا رنگ پکڑے

تری بابت کسی سے کوئی رائے بھی طلب کرتے لرزتا ہوں

وہ جانے تجھ کو کیسا نام دے

مرے احساس کو کس شک نے جکڑا ہے

یہی کیوں سوچتا ہوں اب تو پہلے سا نہیں ہے

اب ترے بارے میں لوگوں کا وہ پہلا سا تصور بھی نہیں ہے

مزید غزلیں از ریاض مجید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں