رینو نیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دنیا کو ہر چیز دکھائی جا سکتی ہے (غزل)
دنیا کو ہر چیز دکھائی جا سکتی ہے
پتھر میں بھی آنکھ بنائی جا سکتی ہے
دل کی مٹی کی زرخیزی ایسی ہے کہ
کیسی بھی ہو چیز اگائی جا سکتی ہے
ہجر کا موسم وہ موسم ہے جس میں جاناں
آنکھوں میں بھی رات بتائی جا سکتی ہے
پتھر کو ٹھوکر کی حد تک تم نہ جانو
پتھر سے تو آگ لگائی جا سکتی ہے
خود کے ہونے کا احساس دلاتا ہے وہ
اس ڈر سے کہ اس کی خدائی جا سکتی ہے
دل کی بازی ایسی بازی ہے جس میں ہم
ہاریں بھی تو جیت منائی جا سکتی ہے
مجھ کو سارے نقش ادھورے دکھتے ہیں اب
یعنی مجھ پہ گاج گرائی جا سکتی ہے
خدا سے اسے مانگ کر دیکھتے ہیں (غزل)
خدا سے اسے مانگ کر دیکھتے ہیں
پھر اپنی دعا کا اثر دیکھتے ہیں
ہمیں ہیں مسافر ہمیں آبلہ پا
تماشہ اے گرد سفر دیکھتے ہیں
فقیری فقیری فقیری فقیری
نہ جنت نہ دنیا نہ گھر دیکھتے ہیں
ادھر آ اے حسن تمنا ادھر آ
نظر بھر تجھے اک نظر دیکھتے ہیں
کسی عکس میں اب وہ باندھیں گے مجھ کو
چرا کر نظر شیشہ گر دیکھتے ہیں
نہ جانے کہاں مٹ گئے نقش جاں
چلو آج پھر سوچ کر دیکھتے ہیں
ہمارے ہی گھر سے نکلتا ہے اکثر
جسے لوگ شام و سحر دیکھتے ہیں
کڑا امتحاں چاک پر تھا نظر کا
ابھی تک وہ رقص ہنر دیکھتے ہیں