پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رحمان مصور کی غزلیں — Rehman Musawwir Ghazals

رحمان مصور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کبھی باہر نہیں آتی سدا پردے میں رہتی ہے (غزل)

کبھی باہر نہیں آتی سدا پردے میں رہتی ہے

خدا جانے تمنا کس کے بہکاوے میں رہتی ہے

تمہارا ساتھ میری زندگی بھر کی کمائی تھی

گئے ہو جب سے تم یہ زندگی گھاٹے میں رہتی ہے

جسے ہم لوگ مل کر آشرم میں چھوڑ آئے تھے

وہ چرخا کاتتی ہے چاند کے چہرے میں رہتی ہے

اسے ہم پر تو دیتے ہیں مگر اڑنے نہیں دیتے

ہماری بیٹی بلبل ہے مگر پنجرے میں رہتی ہے

کماں سے تیر چھوٹے تو کبھی واپس نہیں آتا

مگر اس کو غلط فہمی میرے بارے میں رہتی ہے

وہ جب تک لوٹ کر اسکول سے گھر آ نہیں جاتا

ہماری جان اٹکی ہر گھڑی بیٹے میں رہتی ہے

ٹھہرنے ہی نہیں دیتی ہیں گھر میں شہر کی خبریں

ذرا باہر نکلتے ہیں تو جاں خطرے میں رہتی ہے

حال دل اس طرح چھپاتا ہوں (غزل)

حال دل اس طرح چھپاتا ہوں

جب بھی ملتا ہوں مسکراتا ہوں

رات بھر خواب جو سجاتا ہوں

دن نکلتا ہے بھول جاتا ہوں

میرے کمرے میں صرف کاغذ ہے

میں چراغوں سے خوف کھاتا ہوں

آج کل وہ بھی کچھ نہیں کہتا

میں بھی خاموش لوٹ آتا ہوں

اونچے لوگوں میں بیٹھ کر میں بھی

اپنی اوقات بھول جاتا ہوں

جوار بھاٹا مری رگوں میں ہے

میں سمندر سمیٹ لاتا ہوں

کس کی باہوں میں ٹوٹنا تھا مجھے

کس کی بانہوں میں چھٹپٹاتا ہوں

چاندنی جھولتی ہے شانے پر

چاند کو گود میں کھلاتا ہوں

رات کٹتی ہے آسمانوں پر

دن کو میں بکریاں چراتا ہوں

اپسرائیں مجھے بلاتی ہیں

دیوتاؤں کو میں بلاتا ہوں

کھیت تو پٹ گئے ہیں لاشوں سے

ریت میں سبزیاں اگاتا ہوں

مزید غزلیں از رحمان مصور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں