پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ریحانہ روحی کی غزلیں — Rehana Roohi Ghazals

ریحانہ روحی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل کے بہلانے کا سامان نہ سمجھا جائے (غزل)

دل کے بہلانے کا سامان نہ سمجھا جائے

مجھ کو اب اتنا بھی آسان نہ سمجھا جائے

میں بھی دنیا کی طرح جینے کا حق مانگتی ہوں

اس کو غداری کا اعلان نہ سمجھا جائے

اب تو بیٹے بھی چلے جاتے ہیں ہو کر رخصت

صرف بیٹی کو ہی مہمان نہ سمجھا جائے

میری پہچان کو کافی ہے اگر میری شناخت

مجھ کو پھر کیوں مری پہچان نہ سمجھا جائے

میں نے یہ کب کہا روحیؔ کہ مرے جیون میں

میرے سائیں کو مری جان نہ سمجھا جائے

مصروفیت اسی کی ہے فرصت اسی کی ہے (غزل)

مصروفیت اسی کی ہے فرصت اسی کی ہے

اس سرزمین دل پہ حکومت اسی کی ہے

ملتا ہے وہ بھی ترک تعلق کے باوجود

میں کیا کروں کہ مجھ کو بھی عادت اسی کی ہے

جو عمر اس کے ساتھ گزاری اسی کی تھی

باقی جو بچ گئی ہے مسافت اسی کی ہے

ہوتا ہے ہر کسی پہ اسی کا گماں مجھے

لگتا ہے ہر کسی میں شباہت اسی کی ہے

لکھوں تو اس کے عشق کو لکھنا ہے شاعری

سوچوں تو یہ سخن بھی عنایت اسی کی ہے

در آستاں کوئی ہو بظاہر سر سجود

لیکن پس سجود عبادت اسی کی ہے

وہ جس کے حق میں جھوٹی گواہی بھی میں نے دی

روحیؔ مرے خلاف شہادت اسی کی ہے

ابھی جیسے یہ کل کی بات لگتی ہے (نظم)

ابھی جیسے یہ کل کی بات لگتی ہے

کہ تم چھوٹے سے گڈے تھے

تمہیں چلنا نہیں آتا تھا

گھٹنوں گھٹنوں چلتے تھے

کبھی کرسی کبھی صوفہ پکڑ کر جب کھڑے ہوتے

تو اس چلنے کی کوشش میں

تمہارے ننھے منے پاؤں اکثر ڈگمگا جاتے

قدم بھی لڑکھڑا جاتے

تو میں انگلی پکڑ کر پھر تمہیں چلنا سکھاتی

پھر تمہیں ابو نے اک واکر لا دیا

اب تم اڑے پھرتے کسی کے ہاتھ کب آتے

پھر اک دن صبح جب سو کر اٹھی تو میں نے دیکھا

کہ تم بنا واکر بنا کوئی سہارے اپنے پاؤں پر کھڑے ہو

اور چل رہے ہو

پھر تم یوں ہی چلتے رہے چلتے رہے چلتے رہے

دن مہینے اور مہینے سالوں میں ڈھلتے رہے

تم یوں ہی چلتے رہے

اور چلتے چلتے ایک دن

آخر اتنی دور جا نکلے

مری آنکھوں سے اوجھل ہو گئے

میں نے تمہیں چلنا سکھایا تھا!

مزید غزلیں از ریحانہ روحی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں