پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ریحانہ قمر کی غزلیں — Rehana Qamar Ghazals

ریحانہ قمر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

محبت سے مکر جانا ضروری ہو گیا تھا (غزل)

محبت سے مکر جانا ضروری ہو گیا تھا

پلٹ کے اپنے گھر جانا ضروری ہو گیا تھا

نظر انداز کرنے کی سزا دینی تھی تجھ کو

ترے دل میں اتر جانا ضروری ہو گیا تھا

میں سناٹے کے جنگل سے بہت تنگ آ گئی تھی

کسی آواز پر جانا ضروری ہو گیا تھا

میں سسی کی طرح سوتی رہی اور چل دیے تم

بتا دیتے اگر جانا ضروری ہو گیا تھا

تعاقب خود نہ کرتی تو مرے آنسو نکلتے

میں کیا کرتی قمرؔ جانا ضروری ہو گیا تھا

فرصت نہیں ہے مجھ کو محبت کے کھیل سے (غزل)

فرصت نہیں ہے مجھ کو محبت کے کھیل سے

میں کیوں لڑائی لوں کسی پاگل چڑیل سے

یہ ظلم بھی ہوا ہے محبت کے نام پر

بانوئے شہر کھینچی گئی ہے نکیل سے

اس سے بچھڑ کے خود کو سنبھالا نہیں گیا

لگتا ہے گر پڑی ہوں کسی چلتی ریل سے

اب میں کہاں وصال کا پودا لگاؤں گی

یہ گھر تو بھر گیا ہے اداسی کی بیل سے

بچپن میں چاند بھی کوئی پنچھی لگا مجھے

لگتا تھا گر پڑے گا یہ میری غلیل سے

مزید غزلیں از ریحانہ قمر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں