پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رضی رضی الدین کی غزلیں — Razi Raziuddin Ghazals

رضی رضی الدین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کاش پڑتے نہ ان عذابوں میں (غزل)

کاش پڑتے نہ ان عذابوں میں

ڈھونڈتے ہیں تمہیں سرابوں میں

کبھی کانٹوں کبھی گلابوں میں

کھو گئے ہم یہ کن عذابوں میں

نشۂ یار کا نشہ مت پوچھ

ایسی مستی کہاں شرابوں میں

اس کا جلوہ دکھائی دیتا ہے

سارے چہروں پہ سب کتابوں میں

سامنے ہوں تو آنکھ کھلتی نہیں

جاگتے ہیں ہم ان کے خوابوں میں

اب بھی اسی طرح سے اسے انتظار ہے (غزل)

اب بھی اسی طرح سے اسے انتظار ہے

اب بھی کسی خیال سے دل بے قرار ہے

آتی خزاں میں بکھرے ہیں مرجھائے چند پھول

اجڑا ہوا چمن ہے یہ جاتی بہار ہے

یوں دل پہ لے لیا ہے کہ تن کا نہ ہوش ہے

اور تن پہ جو قبا ہے تو وہ تار تار ہے

آہٹ ہو کوئی اس کی طرف دوڑے جاتے ہیں

تاخیر ایک پل کی بھی اب دل پہ بار ہے

دل کو جلائے رکھا ہے ہم نے چراغ سا

اس گھر میں ہم ہیں اور ترا انتظار ہے

پھر اسی شہر میں آئے ہو پلٹ کر کہ جہاں (نظم)

پھر اسی شہر میں آئے ہو پلٹ کر کہ جہاں

چند ہوتے ہیں جو تم نے دکھائے تھے خواب

چند دن ہوتے ہیں جب تم نے سجائے تھے گلاب

جن میں خوشبو بھی تھی اور رنگ بھی مانند شہاب

تم گئے خواب رہے اور زمانے کے عذاب

ڈھونڈتے رہ گئے لب کتنے سوالوں کے جواب

اب جو آئے ہو تو اتنا سا کرم کر جانا

اب کے بیمار سے خوابوں کی مہک مت لانا

اب جو دکھلانا تو کچھ خواب نئے دکھلانا

ایسے کچھ خواب زمینوں کو جو شاداب کریں

ایسے کچھ خواب جو شہروں کو بھی شاداب کریں

ایسے کچھ خواب جو تقدیر خیالات کے ہوں

ایسے کچھ خواب جو میراث ہوں انسانوں کی

تم جو ایسا نہ کرو گے تو وہی غم ہوں گے

ربط باہم کے نہ اسباب فراہم ہوں گے

مطمئن خود سے کہیں تم نہ کہیں ہم ہوں گے

مزید غزلیں از رضی رضی الدین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں