رضی مجتبی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
حقیقتوں کا پتہ دے کے خود سراب ہوا (غزل)
حقیقتوں کا پتہ دے کے خود سراب ہوا
وہ مجھ کو ہوش میں لا کر خیال و خواب ہوا
وہ اپنے لمس سے پتھر بنا گیا مجھ کو
وصال اس کا مجھے صورت عذاب ہوا
سروں پہ سب کے پڑی حادثوں کی دھوپ مگر
کوئی سراب بنا اور کوئی سحاب ہوا
عذاب سب کے مرے جسم و جاں پہ نقش ہوئے
مرا وجود مرے عہد کی کتاب ہوا
سکوت شہر ستم سے اسیر یاس نہ ہو
کہ یاں سکوں سے ہوا جو بھی انقلاب ہوا
وہی تو ایک ہمارا مزاج داں تھا رضیؔ
جو ہم سے دور رہا اور نہ دستیاب ہوا
خود نگر تھے اور محو دید حسن یار تھے (غزل)
خود نگر تھے اور محو دید حسن یار تھے
ہم کہ اپنے روبرو شیشہ کی اک دیوار تھے
پھر نگاہوں نے بنے تھے چار سو خوابوں کے جال
سو بہ سو پھر رشتہ گر وہم و گماں کے تار تھے
مختصر سا ہے ہمارا قصۂ شوق سفر
ابر آوارہ تھے ہم لیکن سر کہسار تھے
خندہ ریز و گریہ گیں تھی زخم خاطر کی نمود
دور دنیا کے تعین سے مرے آزار تھے
میں سواد دشت تنہائی کا پھلتا پیڑ تھا
سبز زہر بے کسی سے میرے برگ و بار تھے
بجھ گیا تھا دل ہمارا بعد شرح آرزو
جی کی ہم کہنے گئے تو کشتۂ اظہار تھے
رائیگاں تھی اپنی آب و تاب بھی کیا کیا رضیؔ
ہم کہ اک بے معرکہ اور بے عدو تلوار تھے