پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رضا وصفی کی غزلیں — Raza Vasfi Ghazals

رضا وصفی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اکیلا چھوڑ کر ہم کو گیا ہے (غزل)

اکیلا چھوڑ کر ہم کو گیا ہے

تو کیا وہ بھی اکیلا ہو گیا ہے

لہو تھک کر بدن میں سو گیا ہے

مرا سرمایہ مٹی ہو گیا ہے

ملا یوں تو بہت مال غنیمت

مگر کیسے کا سکہ کھو گیا ہے

تسلسل کہہ رہا ہے زلزلوں کا

زمیں کا جسم بودا ہو گیا ہے

گزر کر میری آنکھوں سے وہ سایہ

مرے فن پر مسلط ہو گیا ہے

سدا رہتے ہیں برگ و بار اس پر

عجب پودا وہ دل میں بو گیا ہے

کبھی دھڑکا ہے دل بن کر ہمارا

کبھی آنکھوں کا آنسو ہو گیا ہے

اڑانیں اپنی عالیشان رکھنا (غزل)

اڑانیں اپنی عالیشان رکھنا

پروں میں خون کا دوران رکھنا

لبوں پر سورۂ رحمان رکھنا

سلامت بھیڑ میں پہچان رکھنا

کبھی تو ساتویں سر تک پہنچنا

کبھی دھیمے سروں میں تان رکھنا

چراغ تن کو ہے آندھی کی حاجت

بپا سینے میں اک طوفان رکھنا

قلم زد ہو نہ پائے حرف کوئی

قلم میں اپنے اتنی جان رکھنا

جہاں پر راستہ ہو صاف سیدھا

وہیں ٹھوکر کا بھی امکان رکھنا

سنا پہنچے ہوئے لوگوں سے ہم نے

سفر میں مختصر سامان رکھنا

ملے گر کوئی بنجارہ تو پوچھو

عزیزوں کو کہاں مہمان رکھنا

ہوا تازہ پلٹ جائے نہ آ کر

کھلا کمرے کا روشندان رکھنا

بچا کر خواہشوں کے جانور سے

مہکتا پیار کا گلدان رکھنا

نظر چہروں میں کچھ آئے نہ آئے

لبوں پر بے سبب مسکان رکھنا

محبت حاصل ایماں ہے لوگو

محبت داخل ایمان رکھنا

کہیں احساس گھٹ کر مر نہ جائے

کھلا اظہار کا میدان رکھنا

سمندر کا تلاطم کہہ رہا ہے

صدا جذبات میں ہیجان رکھنا

ہم اپنے دشمنوں کو جانتے ہیں

تم اپنے دوستوں کا دھیان رکھنا

بدل احسان کا ہوتا نہیں ہے

مگر اچھا نہیں احسان رکھنا

کئی لاشوں کو دفنانا پڑے گا

کشادہ دل کا قبرستان رکھنا

ہمارے پاس آؤ ہم سے پوچھو

کماں میں کس طرح پیکان رکھنا

رکھو جو چاہو اسم ذات وصفیؔ

مگر ہاں عرفیت ذیشان رکھنا

مزید غزلیں از رضا وصفی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں