رضا رامپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کتنا دشوار یہ سانسوں کا سفر لگتا ہے (غزل)
کتنا دشوار یہ سانسوں کا سفر لگتا ہے
زندگی اب تو ترے نام سے ڈر لگتا ہے
پس دیوار پڑوسی کوئی روتا ہے اگر
اپنے احساس کا دامن مجھے تر لگتا ہے
جھانکتے ہیں در و دیوار سے یادوں کے نقوش
مجھ کو آسیب زدہ اپنا ہی گھر لگتا ہے
تاج رکھے ہوئے جب دیکھے عجائب گھر میں
ساتھ ان کے مجھے اسلاف کا سر لگتا ہے
مجھ کو تنہائی کا احساس نہیں ہوتا کبھی
وہ میرے پاس نہیں ہوتا مگر لگتا ہے
اس سے ہوتی ہے رضاؔ داد کی امید مجھے
بزم میں جب بھی کوئی اہل نظر لگتا ہے
ایسے جی کر بھی کیا کرے کوئی (غزل)
ایسے جی کر بھی کیا کرے کوئی
موت دے دے خدا کرے کوئی
کون جانے مجھے ہوا کیا ہے
کس مرض کی دوا کرے کوئی
مجھے توفیق غم نہیں نہ سہی
غم کو بے انتہا کرے کوئی
آج عالم عجیب ہے دل کا
میرے حق میں دعا کرے کوئی
ہم وفاؤں سے باز آ جائیں
ہم پہ اتنی جفا کرے کوئی
اب تو ہر دم یہ چاہتا ہوں میں
ذکر ان کا کیا کرے کوئی
شام کو روز صبح کرتا ہوں
اور کیا اے رضاؔ کرے کوئی