رضا نقوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وفا شناس محبت شناس ہے ہی نہیں (غزل)
وفا شناس محبت شناس ہے ہی نہیں
اسی لئے مجھے دنیا سے آس ہے ہی نہیں
اے دشت جبر و جفا چل اٹھا فرات لپیٹ
مرے قبیلے کو پانی کی پیاس ہے ہی نہیں
عجیب فصل بہاراں ہے باغ ہستی میں
کسی بھی پیڑ کے تن پہ لباس ہے ہی نہیں
یہ عرش والوں کا قصہ ہے فرشیوں کا نہیں
زمیں پہ کوئی ولایت شناس ہے ہی نہیں
تمام لوگ روایات خود سے گھڑ رہے ہیں
کسی کو میری وصیت کا پاس ہے ہی نہیں
تمام شعروں میں تلخی حیات کی ہے رضاؔ
مری غزل میں تو کوئی مٹھاس ہے ہی نہیں
نئی نظمیں سنائی جا رہی ہیں (غزل)
نئی نظمیں سنائی جا رہی ہیں
نئی طرزیں بنائی جا رہی ہیں
ترنم جن میں عنقا سوز غائب
وہ غزلیں گنگنائی جا رہی ہیں
حیا کے شہر کی ساری فصیلیں
کدال شر سے ڈھائی جا رہی ہیں
جو فلمیں دیکھتے تھے یار چھپ کر
گھروں میں اب دکھائی جا رہی ہیں
عجب جمہور ہے کہ بیٹیاں بھی
الیکشن میں نچائی جا رہی ہیں
یہودی سود میں تھے گوشت لیتے
یہاں ہڈیاں چبائی جا رہی ہیں
تمدن مر چکا ہے اس کی سانسیں
مشینوں پر چلائی جا رہی ہیں