پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رضا مورانوی کی غزلیں — Raza Mauranvi Ghazals

رضا مورانوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یوں ہی ظالم کا رہا راج اگر اب کے برس (غزل)

یوں ہی ظالم کا رہا راج اگر اب کے برس

غیرممکن ہے رہے دوش پہ سر اب کے برس

جسم بوئیں گے ستم گار اناجوں کی جگہ

اور فصلوں کی طرح کاٹیں گے سر اب کے برس

ذہن سے کام لو اور موڑ دو طوفان کا رخ

ورنہ آنسو میں ہی بہہ جائیں گے گھر اب کے برس

جانے کس وقت اجل آپ کو لینے آ جائے

ساتھ ہی رکھیے گا سامان سفر اب کے برس

نخل حسرت کو نہ اشکوں کی نمی دو ورنہ

اور مہکے گا گل زخم جگر اب کے برس

اب نہ گھبراؤ کہ مٹنے کو ہے ظالم کا وجود

خون مظلوم دکھائے گا اثر اب کے برس

یہ کس دیار کے ہیں کس کے خاندان سے ہیں (غزل)

یہ کس دیار کے ہیں کس کے خاندان سے ہیں

اسیر ہو کے بھی جو لوگ اتنی شان سے ہیں

ملے عروج تو مغرور مت کبھی ہونا

بلندیوں کے سبھی راستے ڈھلان سے ہیں

تم اپنے اونچے محل میں رہو مگر سوچو

تمہارے سائے میں کچھ لوگ بے نشان سے ہیں

زمین کرب کی ہر فصل کا جو مالک ہے

ہمارے درد کے رشتے اسی کسان سے ہیں

مہک رہے ہیں گل زخم آرزو ہر پل

مری حیات کے سب رنگ زعفران سے ہیں

سنا رہے ہیں وہی داستان ظلم و ستم

ہماری آنکھ میں آنسو جو بے زبان سے ہیں

کہاں تک آپ چھپائیں گے داستان ستم

کتاب جسم پہ اب بھی کئی نشان سے ہیں

یہ کون تجھ کو بچائے ہے ہر بلا سے رضاؔ

یہ کس کے ہاتھ ترے سر پہ آسمان سے ہیں

مزید غزلیں از رضا مورانوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں