پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رضا اشک کی غزلیں — Raza Ashk Ghazals

رضا اشک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

راوی تا چناب اور جھیلم (غزل)

راوی تا چناب اور جھیلم

سوہنی اور مہیوال کا ماتم

بن گئی ہستی ساحر کا غم

کون بنے امرتا پریتم

لہو لہو سولی پر ایسی

گریاں گریاں گھر گھر مریم

جلنے لگا پھر ہیروشیما

کس ظالم نے پھینکا ایٹم

پونچھے کون اب اشکؔ کے آنسو

دور ہے دامن عصمت خانم

دامن سے اپنے جھاڑ کے صحرائے غم کی دھول (غزل)

دامن سے اپنے جھاڑ کے صحرائے غم کی دھول

آؤ چلو نہ ہم بھی چنیں سر خوشی کے پھول

آخر کو مل سکی نہ بشر کو رہ نجات

یوں تو ہر ایک دور میں آتے رہے رسول

دامن بچا کے آئیو میرے مزار تک

اے جان نو بہار اگے ہیں ادھر ببول

دیکھا کبھی جو دہر کو شاعر کی آنکھ سے

خلاق کائنات بھی صدیوں رہا ملول

آئے گا کوئی جام مئے سر خوشی لیے

اے دل کچھ اور دیر ہنڈولے میں غم کے جھول

بول کہ لب آزاد ہیں تیرے (نظم)

بول کہ لب آزاد ہیں تیرے

بول زباں اب تک تیری ہے

دیکھ کہ تیرے ارض وطن میں

قصبہ قصبہ قریہ قریہ

آج یہ کیسا حشر بپا ہے

شہروں شہروں گاؤں گاؤں

موڑ موڑ پر گلی گلی میں

لاشوں کا انبار سجا ہے

قدم قدم پر

دست ستم میں تیغ جفا ہے

معرکہ ہائے جرم و سزا ہے

دیکھ کہ تیرے صحن چمن کا

پتا پتا بوٹا بوٹا

خون میں اپنے لت پت لت پت

خوف خزاں سے

شاخ نہالاں

لرزاں لرزاں

سنبل و ریحاں

غم سے ہراساں

غنچہ غنچہ

حیراں حیراں

گوشہ گوشہ چپہ چپہ

قتل بہاراں قتل بہاراں

روح پریشاں جسم فگاراں جان پشیماں

خواب سے ہر تعبیر گریزاں

اجڑا کھنڈر

سونا منظر

بیوہ پنچھی

زخمی طائر

عریاں خنجر

خونیں دھرتی کالا سورج گیلا امبر

جنگل جنگل خوف اور دہشت

صحرا صحرا وحشت وحشت

ٹینک کی آمد

توپ کی حرکت

جنگ کی لعنت

قحط کا سایہ

بھوک کی آندھی

اور بیکاری

اور بد چلنی

اور بیماری

تن کی تجارت

من کی ہزیمت

دھن کی حکومت

بھوکی سیتا ننگی مریم مردہ گوتم

پارہ پارہ شیشۂ حرمت

ریزہ ریزہ قصر تمدن

دھجی دھجی امن کا پرچم

مزید غزلیں از رضا اشک ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں