پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رضا امروہوی کی غزلیں — Raza Amrohvi Ghazals

رضا امروہوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل میں جھانکا تو بہت زخم پرانے نکلے (غزل)

دل میں جھانکا تو بہت زخم پرانے نکلے

اک فسانے سے کئی اور فسانے نکلے

خواب تو خواب تھے آنکھوں میں کہاں رک جاتے

وہ دبے پاؤں انہیں بھی تو چرانے نکلے

دیکھنا یہ ہے ٹھہرتا ہے کہاں جوش جنوں

سرپھرے شہر نگاراں کو جلانے نکلے

اپنے گھر سنگ ملامت کی ہوئی ہے بارش

بے گناہی کی سند ہم جو دکھانے نکلے

کاروبار رسن و دار کی تشہیر ہوئی

سرفروشی کے یہاں کتنے بہانے نکلے

جن کتابوں پہ سلیقے سے جمی وقت کی گرد

ان کتابوں ہی میں یادوں کے خزانے نکلے

وہ ستم کیش بہر حال ستم کیش رہے

درد سویا بھی نہیں تھا کہ جگانے نکلے

ہر طرف شہر میں ویرانی کا عالم ہے رضاؔ

زندگی کون کہاں تجھ کو سجانے نکلے

ابھی تک جس کو اپنایا نہیں تھا (غزل)

ابھی تک جس کو اپنایا نہیں تھا

وہ صرف اک دھوپ تھی سایہ نہیں تھا

گھروندے ریت کے بن تو گئے تھے

ٹھہر جائیں گے یہ سوچا نہیں تھا

نہ جانے میری بستی میں ہوا کیا

وہی سڑکیں تھیں ہنگامہ نہیں تھا

جسے خوابوں کے شیشوں میں رکھا تھا

وہ ایسا تھا مگر ویسا نہیں تھا

نگر میں وارداتیں ہو چکی تھیں

مگر مے خانوں میں چرچا نہیں تھا

جو صدیوں کے مزاجوں کو بدل دے

وہ لمحہ آج تک گزرا نہیں تھا

سبھی کو مطلبی پایا جہاں میں

ہر اک اپنا تھا پر اپنا نہیں تھا

مرے ساتھ اور کتنے تھے مسائل

حصار ذات میں تنہا نہیں تھا

رضاؔ کیا تم نے اپنا عکس دیکھا

وہ پتھر تھا مگر شیشہ نہیں تھا

مزید غزلیں از رضا امروہوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں