پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

روشن لال روشن کی غزلیں — Raushan Laal Raushan Ghazals

روشن لال روشن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مسئلے اور بھی ہیں دل کے مسائل کے سوا (غزل)

مسئلے اور بھی ہیں دل کے مسائل کے سوا

منزلیں اور بہت عشق کی منزل کے سوا

اپنی کشتی کو ذرا خوگر طوفاں کر لے

آسرے اور بھی مل جائیں گے ساحل کے سوا

شاید انسان کی قسمت ہی میں آرام نہیں

مشکلیں اور بھی ہیں موت کی مشکل کے سوا

جی میں آتا ہے تجھے نذر کروں سارا جہاں

اور مرے پاس نہیں کچھ بھی مرے دل کے سوا

میں شب ہجر کے ہر لطف سے محفوظ ہوا

میرے پہلو میں مگر کوئی نہ تھا دل کے سوا

فکر دنیا کی کبھی اور کبھی دل کا الم

زندگی کچھ بھی نہیں چند مسائل کے سوا

قدم قدم پہ یہاں دل فریب دھوکا ہے (غزل)

قدم قدم پہ یہاں دل فریب دھوکا ہے

اسی فریب مسلسل کا نام دنیا ہے

تمام دنیا سے انسان کھیلتا ہے مگر

کسی کے ہاتھ میں انسان خود کھلونا ہے

ہمارے ساتھ نہیں ہے ہمارا دل بھی مگر

تمہارے ساتھ تو دنیا ہے ساری دنیا ہے

کسی نے پیار سے اک بار مجھ کو دیکھا تھا

مری نظر میں ابھی تک وہی نظارا ہے

ہر ایک دور میں کوشش بہت ہوئی لیکن

جہاں میں آج بھی انساں سمجھ سے بالا ہے

یہی بہت ہے کہ تو میرے دل میں ہے ورنہ

ترا مقام تو عرش بریں سے اونچا ہے

مزید غزلیں از روشن لال روشن ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں