رتنن کمار رتن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لہجے کو اپنے شہد کے جیسا بنا لیا (غزل)
لہجے کو اپنے شہد کے جیسا بنا لیا
اس نے تمام شہر کو اپنا بنا لیا
وہ بھی کسی کے ساتھ اب اپنے سفر میں ہیں
ہم نے بھی ان کی یاد کو رستہ بنا لیا
بچوں کے آنسوؤں میں انا غرق ہو گئی
ہاتھوں کو ایک باپ نے کاسہ بنا لیا
اونچا مکان بیوی کے زیور یہ گاڑیاں
تم نے ضمیر بیچ کے کیا کیا بنا لیا
درکار شکل پیار کی آنکھوں کو تھی رتنؔ
کاغذ پے ہم نے ہند کا نقشا بنا لیا
لگے ہیں سال کئی بادلوں کو آتے ہوئے (غزل)
لگے ہیں سال کئی بادلوں کو آتے ہوئے
درخت سوکھ گئے دھوپ میں نہاتے ہوئے
سفر یہ عشق کا دشوار ہو گیا کتنا
میں کھو گیا ہوں اسے راستہ بتاتے ہوئے
اے کاش نیند کو کوئی مرا پتہ دے دے
تمام خواب ہیں آنکھوں میں کسمساتے ہوئے
ہے اختیار اداسی کا اس قدر مجھ پر
میں رو پڑا ہوں کئی بار مسکراتے ہوئے
نہ جانے کس طرح اس نے غزل کہی ہوگی
مرا تو دم سا نکلتا ہے گنگناتے ہوئے
مزید غزلیں از رتنن کمار رتن ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں