پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

راشد برہانپوری کی غزلیں — Rashid Burhanpuri Ghazals

راشد برہانپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل کیا لگے جہاں کے سفید و سیاہ میں (غزل)

دل کیا لگے جہاں کے سفید و سیاہ میں

سو انقلاب ہوتے ہیں شام و پگاہ میں

گھبرا گیا ہوں کشمکش زندگی سے میں

اے موت آ کے تو مجھے لے لے پناہ میں

دزد نظر نے دل سر بازار اڑا لیا

اندھیر ہے کہ لٹ گئے ہم شاہراہ میں

اے چشم دوربیں یہ بجا ناز ہے مجھے

جلوے ہیں عرش و فرش کے میری نگاہ میں

ہیں مالک حیات ابد کشتگان عشق

یہ موت زندگی ہے ہماری نگاہ میں

راشدؔ جناب خضر بھی ہو جائیں گم یہاں

کچھ ایسے پیچ و خم ہیں محبت کی راہ میں

تمکنت حسن و جوانی پہ سزاوار نہیں (غزل)

تمکنت حسن و جوانی پہ سزاوار نہیں

حسن کیا چیز ہے خود عمر وفادار نہیں

دشت وحشت نے دلا دی سر و ساماں سے نجات

جیب و دستار کجا جسم پہ اک تار نہیں

دل دکھا کر بھی مرے دل میں جگہ ہے ان کی

میں دل آرام سمجھتا ہوں دل آزار نہیں

اس کو لازم ہے کرے اپنی بصیرت کا علاج

جو تری نرگس بیمار کا بیمار نہیں

جن کی چاہت نے بدل دی مری صورت راشدؔ

وہ مجھے شکل دکھانے کے روا دار نہیں

مزید غزلیں از راشد برہانپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں