پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

راشد آذر کی غزلیں — Rashid Aazar Ghazals

راشد آذر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

درد اپنا تھا تو اس درد کو خود سہنا تھا (غزل)

درد اپنا تھا تو اس درد کو خود سہنا تھا

نہ کسی اور سے دکھ اپنا کبھی کہنا تھا

غلطی کی کہ مروت میں مصیبت جھیلی

ظلم برداشت ہی کرنا تھا نہ چپ رہنا تھا

اشک بن کر جو نہ بہتا تو رگوں میں بہتا

کسی صورت سے لہو تھا تو اسے بہنا تھا

شبہ ہوتا تھا کہ ہے رنگ بدن یا ملبوس

بے لباسی تھی لباس اس نے کہاں پہنا تھا

میں جو مر جاؤں تو سب لوگ کہیں گے آزرؔ

اتنی بوسیدہ عمارت تھی اسے ڈھہنا تھا

زندگی جو کہہ نہ پائی رہ گئی (غزل)

زندگی جو کہہ نہ پائی رہ گئی

موت وہ ساری کہانی کہہ گئی

رات بھر اس کا فسانہ لکھ کے ہم

اتنا روئے سب کتابت بہہ گئی

ہچکیوں میں دب گیا اس کا سوال

جیسے اک دستک ادھوری رہ گئی

قرب کے صدمے ہوں یا دوری کا غم

جتنا سہنا تھا محبت سہہ گئی

جب بھی آذرؔ دل سے نکلی کوئی بات

دل کی گہرائی میں تہہ در تہہ گئی

کبھی کبھی میں (نظم)

کبھی کبھی میں

جب اپنے اندر سے جھانکتا ہوں

تو میرے باہر کی ساری دنیا

مرے مقابل کھڑا ہوا

ظالموں کا لشکر دکھائی دیتی ہے

اور میں خود کو اپنے باہر کے آدمی کو

عجیب سی بے تعلقی سے

اک اجنبی بن کے دیکھتا ہوں

مگر وہ باہر کا میں

اسی ظالموں کے لشکر سے

ہے نبرد آزما مسلسل

کبھی وہ ظالم پہ حملہ آور

کبھی وہ مظلوم کی حمایت میں

دل فگار و ملول و گریاں

وہ میرے اندر کے میں سے کہتا ہے

باہر آؤ

فصیل ڈھاؤ

حصار توڑو

ہماری صف میں

تمہیں بھی آخر

کبھی تو ہونا پڑے گا شامل

مزید غزلیں از راشد آذر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں