رشیدالظفر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
چاند تنہا ہے کہکشاں تنہا (غزل)
چاند تنہا ہے کہکشاں تنہا
ہجر کی رات آسماں تنہا
بھاگتی ریل شور سناٹا
رہ گئی بے صدا زباں تنہا
رنگ اور نور سے رہے محروم
ہم فقیروں کے آستاں تنہا
کیسی نفرت کی آگ پھیلی ہے
جل رہا ہے مرا مکاں تنہا
آندھیاں بجلیاں شجر کمزور
بچ نہ پائے گا آشیاں تنہا
تھک کے سب سو گئے ہیں محفل میں
خود ہی سنتا ہوں داستاں تنہا
کوئی جادو نہ راہ بر کوئی
اب کہاں جائے کارواں تنہا
پاس گر تو نہیں تو کیا غم ہے
ساتھ اپنے ہے اک جہاں تنہا
اپنی قسمت کے ہوئے سارے ستارے پتھر (غزل)
اپنی قسمت کے ہوئے سارے ستارے پتھر
پھول دامن میں ترے اور ہمارے پتھر
ہم بھی عیسیٰ کی طرح تم سے یہی کہتے ہیں
جو گنہ گار نہیں ہے وہی مارے پتھر
حق نہ مل پائے مشقت کا تو ہوتا ہے یہی
ظلم کے سامنے ہوتے ہیں سہارے پتھر
معجزہ عشق کا یہ بھی ہے زمانے والو
میرے آنگن میں ہوئے پھول تمہارے پتھر
دست نفرت نے کیا پیکر ایماں زخمی
مفت میں ہو گئے بدنام بے چارے پتھر
سونے چاندی نے تو کچھ بھی نہ دیا ہم کو ظفرؔ
یا خدا اب مری قسمت کو سنوارے پتھر