پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رشید کامل کی غزلیں — Rasheed Kamil Ghazals

رشید کامل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

رشتۂ دل بھی کسی دن خواب سا ہو جائے گا (غزل)

رشتۂ دل بھی کسی دن خواب سا ہو جائے گا

تیرے میرے درمیاں وہ فاصلہ ہو جائے گا

پیلی پیلی رت جدائی کی اچانک آئے گی

قربتوں کا سبز موسم بے وفا ہو جائے گا

آئنے رنگوں کے خالی چھوڑ جائے گی دھنک

حیرتیں رہ جائیں گی منظر جدا ہو جائے گا

کیا نشانہ ٹھیک بیٹھے گا ہوائے تیز میں

جو کماں سے تیر نکلے گا خطا ہو جائے گا

تیری پیشانی پہ بھی پڑ جائیں گے تلخی سے بل

میری سچی بات پر تو بھی خفا ہو جائے گا

گھر سے نکلوں گا ہتھیلی پر لئے اجلا چراغ

علم ہے کالی ہوا کا سامنا ہو جائے گا

آنے والے جانے والوں کا بدل ہوتے نہیں

پر نہیں ہوگا جو پیدا اک خلا ہو جائے گا

ٹوٹ جائے گا در دیوار زنداں کا غرور

ایک آواز آئے گی قیدی رہا ہو جائے گا

میں نہیں تو اور ہی بیٹھے گا کوئی چھاؤں میں

آج کا چھوٹا سا بوٹا کل بڑا ہو جائے گا

آستینوں سے نکالیں گے جیالے آفتاب

بول بالا روشنی کے شہر کا ہو جائے گا

چاند کو ڈھونڈیں گی آنکھیں پھر نہ سورج کو رشیدؔ

چاند سورج سے تعلق دوسرا ہو جائے گا

موسم گل بھی مرے گھر آیا (غزل)

موسم گل بھی مرے گھر آیا

جانے والا نہ پلٹ کر آیا

آج یوں دل نے بہائے آنسو

آنکھ سے اشک نہ باہر آیا

لٹ گئی ضبط کی بستی آخر

تیری یادوں کا جو لشکر آیا

آنکھ اب تیری جدائی پہ کھلی

ہوش میں تجھ کو گنوا کر آیا

ایک ہی نقش میں تھے نقش تمام

سامنے پھر نہ وہ منظر آیا

دھوپ میں اس کی محبت کا خیال

ابر جیسے مرے سر پر آیا

کالے دریا تو کئے کتنے عبور

راہ میں اب کے سمندر آیا

کون کرتا مری راہیں دشوار

آڑے آیا تو مقدر آیا

اس نے پھینکا تھا اگر پھول رشیدؔ

پھر یہ کس سمت سے پتھر آیا