رشید اختر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ جو دوست تھا وہ رقیب ہے (غزل)
وہ جو دوست تھا وہ رقیب ہے
یہ سفر بھی کتنا عجیب ہے
وہ جو قاتلوں کے قریب ہے
وہی شانتی کا نقیب ہے
مجھے غم ملا تمہیں ہر خوشی
یہ تو اپنا اپنا نصیب ہے
ہمیں انقلاب سے کیا ملا
جو غریب تھا وہ غریب ہے
نہ کل ہی بدلا نہ آج بدلا (غزل)
نہ کل ہی بدلا نہ آج بدلا
نہ زندگی کا مزاج بدلا
وہی ستم ہیں وہی ہیں ظالم
نہ آج تک سامراج بدلا
وہی امارت وہی ہے غربت
نہ ان کا یہ امتزاج بدلا
وہی ہیں فرعون اور ہٹلر
نہ تخت بدلا نہ تاج بدلا
وہی ہے بندش محبتوں پر
نہ آج تک یہ سماج بدلا
چاند میں جو ٹھنڈک ہے (نظم)
چاند میں جو ٹھنڈک ہے
مہر میں جو گرمی ہے
جو ہوا میں نرمی ہے
کہکشاں چمکتی ہے
دور آسمانوں میں
کتنی بستیاں ہوں گی
اجنبی جہانوں میں
آدمی تو ذرہ ہے
بلکہ اس سے کمتر ہے
تیرے بس میں سورج ہے
اور ہیں سمندر بھی
جس قدر بھی پانی ہے
تیری مہربانی ہے
ہر کرن اجالے کی
یہ زمین بھی تیری
آسمان بھی تیرا
لا مکان بھی تیرا
اور مکان بھی تیرا ہے
تو ہی سب کا مالک ہے
تیرے حکم کے تابع
پھول ہو کہ خوشبو ہو
جنت ہو کہ دوزخ ہو
دونوں تیرے بندے ہیں
ظلم کرنے والے بھی
ظلم سہنے والے بھی
ظلم کرنے والوں کو
کیوں سزا نہیں ملتی
رزق سب کو ملتا ہے
ایک ہے غنی ان میں
دوسرا بھکاری ہے
ظالموں کی محفل میں
اب بھی رقص بسمل ہے
تیری حکمرانی میں
ظلم اب بھی جاری ہے
عصمتیں کیوں لٹتی ہیں
ان سیاہ راتوں میں
تو ہے قادر مطلق
ظلم کرنے والوں سے
احتساب کب ہوگا
ہر لہو کے قطرے کا
یاں حساب کب ہوگا
انقلاب کب ہوگا
ظلم سہنے والوں کو
حکم دے بغاوت کا
ظلم کرنے والوں کی
گردنیں اڑا ڈالیں
ہاتھ جو اٹھیں ان پر
ان کو کاٹ کر رکھ دیں
پند اور نصائح سے
ظلم رک نہیں سکتا
صرف ایک رستا ہے
ظلم کرنے والوں کے
ہاتھ ہی قلم کر دو