پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رشید افروز کی غزلیں — Rasheed Afroz Ghazals

رشید افروز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خود سے بیزار زمانے سے خفا لگتا ہے (غزل)

خود سے بیزار زمانے سے خفا لگتا ہے

وحشت جاں کا اثر دل پہ سوا لگتا ہے

دشت امید کی جھلسی ہوئی خاموشی میں

بس ترا نام مجھے حرف دعا لگتا ہے

سبز پتوں پہ چمکتی ہوئی شبنم نے کہا

رات ڈھل جائے تو ہر رنگ نیا لگتا ہے

ہم بھری بزم میں چپ ہیں کہ ہمیں تیرے سوا

اب کوئی اور پکارے تو برا لگتا ہے

وہ تو ہم تھے جو تجھے بھیڑ میں پہچان گئے

یہ ترا وہم ہے تو سب سے جدا لگتا ہے

زرد مٹی کے سوا کیا ہے بدن کا جادو

کیوں مرا عکس مجھے اس کے سوا لگتا ہے

زندگی ہم ترے ممنون ہیں بے حد لیکن

تو جو احسان جتائے تو برا لگتا ہے

چند سکوں کے عوض سر کو جو بیچ آئے تھے

اب پریشاں ہیں کہ ہر شخص خدا لگتا ہے

سب کو دیکھا سب کو پرکھا کوئی نہیں (غزل)

سب کو دیکھا سب کو پرکھا کوئی نہیں

تم جو ہو جیسے ہو ایسا کوئی نہیں

بے وجہ کس الجھن میں پڑ جاتے ہو

تم اچھے ہو تم سے اچھا کوئی نہیں

جب تک تم تھے گھر میں کیسی رونق تھی

برسوں بیتے آتا جاتا کوئی نہیں

کہنے کو یہ بھی وہ بھی سب اپنے ہیں

مر جاؤں تو رونے والا کوئی نہیں

سب سے رشتہ جوڑ کے میں نے دیکھ لیا

تیرے علاوہ سچ ہے میرا کوئی نہیں

بے شک ہم سب اللہ ہی کے بندے ہیں

لیکن ہم میں اللہ والا کوئی نہیں

کیا کیا روپ بدل کر دھوکا دیتی ہے

دنیا جس کا اپنا چہرہ کوئی نہیں

کل تک جھوٹی شہرت پر جو زندہ تھے

مٹی ہو گئے جاننے والا کوئی نہیں

کچھ روز ابھی ہم زندہ ہیں (نظم)

کچھ روز ابھی ہم زندہ ہیں

کچھ روز اصولوں کی خاطر

ہم دنیا سے لڑ سکتے ہیں

پھر وقت کے ساتھ ہر شے میں

تبدیلی آ جاتی ہے

پتھر پر سبزہ اگتا ہے

بالوں میں چاندی پکتی ہے

غصہ کم ہو جاتا ہے

بستی کے مہذب لوگوں میں

ہم سنجیدہ کہلاتے ہیں

مزید غزلیں از رشید افروز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں