رؤف امیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جھلستی دھوپ میں ٹھنڈی ہوا کا جھونکا بھیج (غزل)
جھلستی دھوپ میں ٹھنڈی ہوا کا جھونکا بھیج
چمن سے جانب صحرا بھی کوئی تحفہ بھیج
مجھے تغیر موسم کا کچھ یقین دلا
اگر تسلسل باراں نہیں تو قطرہ بھیج
بہت دنوں سے مجھے تیرے خواب آتے ہیں
کوئی پیام کوئی خیر کا سندیسہ بھیج
کبھی مری بھی سماعت پہ کوئی نغمہ لکھ
مرے بھی گھر کے شجر پر کوئی پرندہ بھیج
ہمارے صحن میں شاخوں کے ہاتھ خالی ہیں
بہار ان کے لئے موتیے کا گجرا بھیج
خلا کے گنبد بے در میں کوئی روزن کر
خدائے نور فلک پر کوئی ستارہ بھیج
ہر اک فقیر پہ باب کرم نہیں کھلتا
رؤفؔ امیر در نیم وا سے کاسہ بھیج
پرندے ہوتے اگر ہم ہمارے پر ہوتے (غزل)
پرندے ہوتے اگر ہم ہمارے پر ہوتے
ذرا سی دیر میں اک دوسرے کے گھر ہوتے
بلا سے ہجر کی راتیں طویل تر ہوتیں
مگر نہ وصل کے دن اتنے مختصر ہوتے
ہم اپنے مرکز و محور سے کٹ گئے ورنہ
اس ایک در کے جو ہوتے نہ در بدر ہوتے
تمہاری چاہ میں اتنا تو ہم سے ہو سکتا
تمہاری راہ میں پھولوں بھرا شجر ہوتے
امیر دشت کا سنسان راستہ ہوتا
اور ایک شام کو ہم دونوں ہم سفر ہوتے