راؤ محمد عمر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خواہشوں کو خواہشوں کی بے کرانی کھا گئی (غزل)
خواہشوں کو خواہشوں کی بے کرانی کھا گئی
زندگی اے زندگی تیری روانی کھا گئی
خلد سے نکلے یہاں آئے وہیں جاویں گے کیا
ہم کو اے مولا ہماری بے مکانی کھا گئی
عمر بھر لا حاصلی کی داستاں کہتے رہے
اور تیری بے دھیانی کل کہانی کھا گئی
کہہ رہے ہیں پر کہی بھی ان کہی کے مثل ہے
ہائے احساسات کو یہ بے زبانی کھا گئی
بس قنوطی بھی نہیں میں اور رجائی بھی نہیں (غزل)
بس قنوطی بھی نہیں میں اور رجائی بھی نہیں
جو نہیں ہوں تجھ کو وہ صورت دکھائی بھی نہیں
ایک عرصہ ہو گیا لب پر دھری تھی اک غزل
اس نے پوچھا بھی نہیں میں نے سنائی بھی نہیں
ہم نے تیرے ذوق کی خاطر کیا خود کو تباہ
خون بھی تھوکا بہت شہرت کمائی بھی نہیں
جانتے تھے عدل حاکم کی حقیقت اس لئے
نہ کوئی زنجیر کھینچی دی دہائی بھی نہیں
کیا کہوں اے ہوش مندا بے خودی کی لذتیں
اس کا تو نعم البدل ساری خدائی بھی نہیں
میری خاطر (نظم)
میری خاطر
وہ شوخ و چنچل سی لڑکی
اس پاگل جاہل دنیا سے
تنہا لڑتی رہتی ہے