رانا خالد محمود قیصر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہم زیست عین مرضیٔ یزداں نہ کر سکے (غزل)
ہم زیست عین مرضیٔ یزداں نہ کر سکے
بخشش کا اپنی کوئی بھی ساماں نہ کر سکے
تکمیل آرزو نہ ہوئی بعد مرگ بھی
مرقد پہ بھی وہ زلف پریشاں نہ کر سکے
آخر بیان کر ہی دیا اس سے حال دل
ہم احتیاط تا حد امکاں نہ کر سکے
دعویٰ تو کرنا عشق کا کار فضول ہے
قربان جب کسی پہ دل و جاں نہ کر سکے
ہم کتنے بد نصیب ہیں جب بھی دیے جلائے
وہ آندھیاں چلیں کہ چراغاں نہ کر سکے
محفل سے بار بار اٹھائے گئے مگر
ترک خیال محفل جاناں نہ کر سکے
کشتی کے ڈوب جانے کا قیصرؔ انہیں ہے غم
جو لوگ فکر آمد طوفاں نہ کر سکے
عجب اپنی حالت یہ ہم دیکھتے ہیں (غزل)
عجب اپنی حالت یہ ہم دیکھتے ہیں
کہ آنکھوں کو ہر لمحہ نم دیکھتے ہیں
لگائیں تو کیا ایسی دنیا سے دل ہم
مسلسل جہاں غم پہ غم دیکھتے ہیں
درختوں سمندر ہوا اور فلک پر
عجب اس کا جاہ و حشم دیکھتے ہیں
جو رہتا ہے شہ رگ میں اپنی اسی کو
نہ تم دیکھتے ہو نہ ہم دیکھتے ہیں
ہم اپنے چمن زار ہستی پہ اک دن
ستم زار ملک عدم دیکھتے ہیں
وہ نامہرباں مہرباں ہو گیا ہے
قدم دو قدم چل کے ہم دیکھتے ہیں
نہیں دیکھتے ہیں ترے خواب جب ہم
تو پھر راہ ملک عدم دیکھتے ہیں
الجھتے ہیں جب بھی مسائل میں قیصرؔ
تو اس زلف کے پیچ و خم دیکھتے ہیں