رعنا جگی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جوانی اس طرح بعد جوانی یاد آتی ہے (غزل)
جوانی اس طرح بعد جوانی یاد آتی ہے
کوئی بھولی ہوئی جیسے کہانی یاد آتی ہے
محبت میں زباں کی بے زبانی یاد آتی ہے
نظر کی گفتگو کی وہ روانی یاد آتی ہے
گل تر جام صہبا ماہ کامل دیکھتا ہوں جب
مجھے بے ساختہ تیری جوانی یاد آتی ہے
یگانوں میں بھی جب بے گانگی کا رنگ پاتا ہوں
یکایک دشمنوں کی مہربانی یاد آتی ہے
ستاروں کا تبسم دیکھ کر روتا ہے دل میرا
کہ اس عنوان سے اپنی کہانی یاد آتی ہے
اجل سر پر کھڑی ہے ختم ہونے کو ہے افسانہ
اب ایسے میں گزشتہ زندگانی یاد آتی ہے
دل میں کسی کی یاد ہے کیف شباب کی طرح (غزل)
دل میں کسی کی یاد ہے کیف شباب کی طرح
خون رگوں میں ہے رواں موج شراب کی طرح
گو ہیں مزاج مختلف گو ہیں شعار مختلف
ایک ہیں پھر بھی حسن و عشق برق و سحاب کی طرح
تیرے کرم کا سلسلہ خضر کی عمر سے دراز
میری حیات مختصر نقش بر آب کی طرح
حسرت دید کی خلش کم نہیں لطف دید سے
یاد شباب ہے حسیں عہد شباب کی طرح
تیری بہار حسن پر حسن بہار بھی نثار
جھوم رہی ہے ہر نظر شاخ گلاب کی طرح
دیکھیے تو کچھ اور ہے سوچیے تو کچھ اور ہے
جلوۂ کائنات ہے موج سراب کی طرح
فرق ہے اک نگاہ کا وہم ہے اک خیال کا
عشق و ہوس میں ورنہ ایک عیب و صواب کی طرح
ضرب غم حیات سے شیشۂ قلب ٹوٹ کر
جڑ نہ سکے گا پھر کبھی جام شراب کی طرح
شام فراق دوست بھی کم نہیں روز حشر سے
دل سے قرار اڑ گیا آنکھ سے خواب کی طرح