پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رمز آفاقی کی غزلیں — Ramz Afaqi Ghazals

رمز آفاقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گھر ہے ترا تو شوق سے آنے کے لیے آ (غزل)

گھر ہے ترا تو شوق سے آنے کے لیے آ

لیکن میں یہ چاہوں گا نہ جانے کے لیے آ

یہ رخ بھی محبت کا دکھانے کے لیے آ

آ مجھ سے نظر پھیر کے جانے کے لیے آ

مدت سے ہوں میں تیری ملاقات کا طالب

آ مجھ پہ کوئی ظلم ہی ڈھانے کے لیے آ

پیمانوں سے پیتے ہیں پئیں رند خرابات

تو مجھ کو نگاہوں سے پلانے کے لیے آ

ارباب خرد کو ہے بڑا ناز خرد پر

تو ان کو بھی دیوانہ بنانے کے لیے آ

کیا میں ترے اس لطف کے قابل بھی نہیں ہوں

اے جان وفا دل ہی دکھانے کے لیے آ

برداشت اسے عشق کی غیرت نہ کرے گی

کیوں تجھ سے کہوں میں کہ زمانے کے لیے آ

تمہارا قرب وجہ اضطراب دل نہ بن جائے (غزل)

تمہارا قرب وجہ اضطراب دل نہ بن جائے

یہ مشکل سہل ہو کر پھر کہیں مشکل نہ بن جائے

ارے او تشنہ لب یہ پیاس یہ انداز پینے کا

سمندر گھٹتے گھٹتے دور تک ساحل نہ بن جائے

یہ مشکوک آدمی لوٹے ہیں جس نے کارواں برسوں

دعا مانگوں کہیں یہ رہبر منزل نہ بن جائے

چلا تو ہوں ترا بخشا ہوا ذوق طلب لے کر

خیال اس کا رہے یہ سعی لا حاصل نہ بن جائے

جسے میری محبت نے سراپا لطف سمجھا ہے

کسی رخ سے وہی انساں مرا قاتل نہ بن جائے

نظر اپنی رہے اس وقت تک ممنون نظارہ

دل جلوہ طلب جب تک مہ کامل نہ بن جائے

کسی کو رمزؔ مظلومی کے اس احساس نے مارا

وہ اپنوں کی نظر میں رحم کے قابل نہ بن جائے

مزید غزلیں از رمز آفاقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں