رامز ہاشمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کچھ تو چہرے پہ خون رہنے دے (غزل)
کچھ تو چہرے پہ خون رہنے دے
تھوڑا دل میں سکون رہنے دے
کون سا سو برس جیوں گا میں
مجھ پہ اس کا جنون رہنے دے
سائباں چھین لے مگر اے دوست
میری خاطر ستون رہنے دے
میں تو جاہل ہوں مجھ کو مطلب کیا
ذکر علم و فنون رہنے دے
سخت دشوار ہے جئے جانا
زندگی پر سکون رہنے دے
گرم رکھتا ہے سرد موسم میں
لمس کو مثل اون رہنے دے
میں فرشتہ نہیں ہوں رامزؔ ہوں
مجھ کو خوار و زبون رہنے دے
محبت میں دھوکے سے مارا گیا ہے (غزل)
محبت میں دھوکے سے مارا گیا ہے
مجھے آسماں سے اتارا گیا ہے
میں شہباز ہوں عشق کی وادیوں کا
جہاں میرے آگے پسارا گیا ہے
خدا کی قسم کچھ بچا ہی نہیں ہے
کسے کس طرح جانے ہارا گیا ہے
ضروری نہیں ہے مرا ڈوب جانا
ابھی ہاتھ سے بس کنارا گیا ہے
گناہوں کا انبار تھا میرے سر پہ
جہنم سے مجھ کو گزارا گیا ہے
دعاؤں میں اب بھی اسے مانگتا ہوں
کہاں دل سے رامزؔ خسارا گیا ہے
مزید غزلیں از رامز ہاشمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں