رمیش کنول کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
غم چھپانے میں وقت لگتا ہے (غزل)
غم چھپانے میں وقت لگتا ہے
مسکرانے میں وقت لگتا ہے
روٹھ جانے کا کوئی وقت نہیں
پر منانے میں وقت لگتا ہے
ضد کا بستر سمیٹیے دلبر
گھر بسانے میں وقت لگتا ہے
جا کے آنے کی بات مت کیجے
جانے آنے میں وقت لگتا ہے
آزما مت، بھروسہ کر مجھ پر
آزمانے میں وقت لگتا ہے
یک بیک بھولنا ہے نا ممکن
بھول جانے میں وقت لگتا ہے
وہ ابھی بن سنور رہی ہوگی
اس کو آنے میں وقت لگتا ہے
جام پیتے ہیں جو نظر سے انہیں
جام اٹھانے میں وقت لگتا ہے
بیٹیوں کو بچا کے رکھیے کنولؔ
ان کو پانے میں وقت لگتا ہے
کبھی بلاؤ، کبھی میرے گھر بھی آیا کرو (غزل)
کبھی بلاؤ، کبھی میرے گھر بھی آیا کرو
یہی ہے رسم محبت، اسے نبھایا کرو
تمہارے جسم کے اشعار مجھ کو بھاتے ہیں
مری وفا کی غزل تم بھی گنگنایا کرو
تمہارے وصل کی راتوں کی لذتوں کی قسم
مجھے جدائی کے منظر نہ اب دکھایا کرو
قریب آؤ، ان آنکھوں کی جستجو دیکھو
حیات بن کے مرے ساتھ جگمگایا کرو
شریف زادوں کی بے جا خطاؤں سے ملنے
یتیم خانوں کے بچوں سے ملنے جایا کرو
ہمارے حصے میں ماں کی دعائیں آئیں کنولؔ
تم اپنے حصے کی دولت سے گھر سجایا کرو