پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رام پرشاد شاردا کی غزلیں — Ram Parshad Sharda Ghazals

رام پرشاد شاردا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بن سنور کر جب کبھی وہ گلستاں میں آ گئے (غزل)

بن سنور کر جب کبھی وہ گلستاں میں آ گئے

اور نسریں لالہ و سرو و سمن شرما گئے

کوئی آگے ہے کہ پیچھے اس سے کچھ مطلب نہیں

غور اس پر کیجیے کہ ہم کہاں تک آ گئے

گل کے انساں اور تھے اور آج کے کچھ اور ہیں

آج کے انساں کو دیکھو مہر و مہ پر چھا گئے

جب بھی آئی کوئی مشکل ہم ہوئے سینہ سپر

اور ہوں گے مشکلوں میں پھنس کے جو گھبرا گئے

داستان عشق میں آیا تھا اک ایسا مقام

بات میری ہو رہی تھی اور وہ شرما گئے

دوستو یاد الٰہی ایسی منزل ہے جہاں

پا گئے وہ کھو گئے جو کھو گئے وہ پا گئے

جا کے بسملؔ منزل جاناں میں خود رفتہ نہ ہو

یہ وہ منزل ہے جہاں پائے خرد تھرا گئے

بیٹھے ہیں تیری بزم میں اک اجنبی سے ہم (غزل)

بیٹھے ہیں تیری بزم میں اک اجنبی سے ہم

اے دوست باز آئے تری دوستی سے ہم

رنج و ملال یاس و الم کرب و اضطراب

کیا کیا نہ لے کے آئے ہیں تیری گلی سے ہم

یہ اور بات ہے کہ محبت ہے ہم سے دور

رکھتے نہیں ہیں دل میں کدورت کسی سے ہم

بل پیچ پے بہ پے تو شکن موڑ موڑ پر

گزرے ہیں موت ہی کی طرح زندگی سے ہم

سننے کو سن تو لیتے ہیں ہم ہر کسی کی بات

کہتے نہیں ہیں بات کسی کی کسی سے ہم

انداز اور بھی ہیں ملاقات کے مگر

ملتے ہیں آدمی کی طرح آدمی سے ہم

بسملؔ ہماری سمت بھی اک جام تو بڑھے

بیٹھے ہیں تیری بزم میں کس بیکسی سے ہم

مزید غزلیں از رام پرشاد شاردا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں