پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رام ناتھ اسیر کی غزلیں — Ram Nath Aseer Ghazals

رام ناتھ اسیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم تو دن رات اسی سوچ میں مر جائیں گے (غزل)

ہم تو دن رات اسی سوچ میں مر جائیں گے

تجھ سے بچھڑیں گے تو کس حال میں گھر جائیں گے

ہاں اسی پیڑ کے نیچے میں لہو رویا تھا

لوگ اس راہ سے گزریں گے تو ڈر جائیں گے

ہم ہیں حساس بہت ہم کو بچا کر رکھنا

پھر نہ سمٹیں گے جو اک بار بکھر جائیں گے

اب تو صحرا بھی گلستاں ہے بہار آنے پر

شہر کو چھوڑ کے دیوانے کدھر جائیں گے

آ گئی نیند اسے بھول بھی جائے گا اسیرؔ

آ گیا صبر مجھے زخم بھی بھر جائیں گے

کاش میرے ڈوبنے کا وہ بھی منظر دیکھتا (غزل)

کاش میرے ڈوبنے کا وہ بھی منظر دیکھتا

لیکن اس کو کیا پڑی تھی کیوں پلٹ کر دیکھتا

دشمنوں سے خوف کھاتا عمر بھر میں بھی اگر

دوستوں کی آستینوں میں نہ خنجر دیکھتا

شہر سے نکلے ہیں ہم کس جرم کی پاداش میں

یہ تو اس کو دیکھنا تھا وہ ستم گر دیکھتا

میں تھا شاہیں سب کی نظریں تھیں مری پرواز پر

کون اب آ کر مرے ٹوٹے ہوئے پر دیکھتا

مے کشی کا ہم پہ گر الزام ہے تو ہو اسیرؔ

کوئی ایسے زندگی بھر زہر پی کر دیکھتا

مزید غزلیں از رام ناتھ اسیر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں