راج تیواری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
چراغ دہر یوں جلتا نہیں ہوتا (غزل)
چراغ دہر یوں جلتا نہیں ہوتا
ہوا کا رخ اگر بدلا نہیں ہوتا
رکوں تو پھر کوئی منزل نہیں دکھتی
چلوں تو پھر کوئی رستا نہیں ہوتا
پری زادی ہمیں بھی دکھتی یہ دنیا
اگر ہم نے تمہیں دیکھا نہیں ہوتا
اسیر عشق ہوں شہر محبت میں
جو تنہائی میں بھی تنہا نہیں ہوتا
یہ پودے دھوپ میں سنولا گئے ہوتے
اگر ان کے لیے گملا نہیں ہوتا
جو بنتی جوڑیاں گر آسمانوں میں
کسی کے ساتھ پھر دھوکہ نہیں ہوتا
مرے ہونے سے آخر کیا ہوا ہے راجؔ
نہ ہوتا میں اگر تو کیا نہیں ہوتا
خاک سے خاک تلک کا یہ فسانہ ہوگا (غزل)
خاک سے خاک تلک کا یہ فسانہ ہوگا
دل تمہارا تھا تمہارا ہے تمہارا ہوگا
مستقل دستکیں دیتے رہے یہ سوچ کے ہم
بند دروازے کے پیچھے کوئی رستہ ہوگا
شام ہوتے ہی اسی شخص کی یاد آتی ہے
جسے ہم نے کبھی سوچا تھا ہمارا ہوگا
یہ غزل گوئی وراثت میں نہیں ملتی ہے
یہ ہنر آپ کو اشکوں سے کمانا ہوگا
عشق بدنام گلی ہے نہ گزرنا یاں سے
آپ کے پاس جو کچھ بھی ہے گنوانا ہوگا
آسمانوں کی اڑانوں سے اترنے کے بعد
سوکھی ڈالی ہی پرندوں کا ٹھکانہ ہوگا