پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

راج نرائن راز کی غزلیں — Raj Narayan Raaz Ghazals

راج نرائن راز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیا بات ہے کہ بات ہی دل کی ادا نہ ہو (غزل)

کیا بات ہے کہ بات ہی دل کی ادا نہ ہو

مطلب کا میرے جیسے کوئی قافیہ نہ ہو

گلدان میں سجا کے ہیں ہم لوگ کتنے خوش

وہ شاخ ایک پھول بھی جس پر نیا نہ ہو

ہر لمحہ وقت کا ہے بس اک غنچۂ بخیل

مٹھی جو اپنی بند کبھی کھولتا نہ ہو

اب لوگ اپنے آپ کو پہچانتے نہیں

پیش نگاہ جیسے کوئی آئینہ نہ ہو

وحشی ہوا کی روح تھی دیوار و در میں رات

جنگل کی سمت کوئی دریچہ کھلا نہ ہو

ٹوٹی ہوئی دیوار کی تقدیر بنا ہوں (غزل)

ٹوٹی ہوئی دیوار کی تقدیر بنا ہوں

میں کیسا فسانہ ہوں کہاں لکھا ہوا ہوں

کوئی بھی مرے کرب سے آگاہ نہیں ہے

میں شاخ سے گرتے ہوئے پتے کی صدا ہوں

مٹھی میں لیے ماضی و امروز کی کرنیں

میں کب سے نئے دور کی چوکھٹ پہ کھڑا ہوں

اس شہر پر آشوب کے ہنگامہ و شر میں

زیتون کی ڈالی ہوں کہیں شاخ حنا ہوں

گویا نہیں لفظوں کے معانی سے شناسا

ادراک کی سرحد پہ میں چپ چاپ کھڑا ہوں

سمٹا تو بنا پھولوں کی خوش رنگ قبائیں

بکھرا ہوں تو خوشبو کی طرح پھیل گیا ہوں

میں رازؔ چمکتا ہوا جھومر تھا کسی کا

اب شب کے سمندر میں کہیں ڈوب گیا ہوں

راز کیا چاند نے تاروں سے کہا (نظم)

راز کیا چاند نے تاروں سے کہا

رات کا پچھلا پہر بھیگ گیا

وقت کی آنکھ سے آنسو ٹپکا

صبح جب آنکھ کھلی تو دیکھا

اک نیا پھول تھا کھڑکی میں کھلا

مزید غزلیں از راج نرائن راز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں