راحت حسن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دل جو ہنستا ہے تو رونے کا گماں ہوتا ہے (غزل)
دل جو ہنستا ہے تو رونے کا گماں ہوتا ہے
خود کو پا کر اسے کھونے کا گماں ہوتا ہے
دن کو جب گھر سے نکلتا ہوں تو اکثر مجھ کو
سائے کے بوجھ کو ڈھونے کا گماں ہوتا ہے
جب بھی آتی ہے مرے صحن میں خوشبوئے گل
تیرے گھر کے کسی کونے کا گماں ہوتا ہے
اوڑھ لیتا ہوں شراروں کی ردائیں جب میں
ریگ صحرا پہ بچھونے کا گماں ہوتا ہے
نرم ہوتے ہی بدل جاتی ہے صورت میری
یک بیک چاک پہ ہونے کا گماں ہوتا ہے
ایک ہی اشک مقدر سے ملا ہے پھر بھی
ہر کسی داغ کو دھونے کا گماں ہوتا ہے
ہیچ تھی میری نگاہوں میں حقیقت لیکن
اب تو مٹی پہ بھی سونے کا گماں ہوتا ہے
ٹوٹنے اور بکھرنے میں لگا ہوں جب سے
مجھ کو اپنے پہ کھلونے کا گماں ہوتا ہے
پار کرتا ہوں سمندر پہ سمندر راحتؔ
پھر بھی خود کو ہی ڈبونے کا گماں ہوتا ہے
شیش محل میں دو پل کو مہمان ہوئے تھے ہم (غزل)
شیش محل میں دو پل کو مہمان ہوئے تھے ہم
آئینے میں اب تک اپنا چہرہ ڈھونڈتے ہیں
نئی عمارت کے سائے میں کیسا ہے یہ ڈھیر
لوگ پرانے اس میں اپنی دنیا ڈھونڈتے ہیں
پیاس کہاں لگتی ہے اس طوفانی موسم میں
پھر بھی جنگل میں سب آہو دریا ڈھونڈتے ہیں
بستی خود ہو جاتی ہے ویرانے میں تبدیل
جوش جنوں میں دیوانے کب صحرا ڈھونڈتے ہیں
یوں بھی تو خود سے ہی باتیں کرنی ہیں دن رات
ہم بھی کوئی راحتؔ اپنے جیسا ڈھونڈتے ہیں