پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رگھوبیر ملہوترا شاکر کی غزلیں — Raghubir Malhotra Shakir Ghazals

رگھوبیر ملہوترا شاکر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اب تو کسی نشاط کی حسرت نہیں مجھے (غزل)

اب تو کسی نشاط کی حسرت نہیں مجھے

تیرے سوا کسی کی ضرورت نہیں مجھے

اک ایسے راستے پہ میں اب آ گیا ہوں دوست

دنیا کی اک بھی چیز کی چاہت نہیں مجھے

ماضی کے واقعات کا ایسا اثر ہوا

تیری بھی یاد سے کوئی راحت نہیں مجھے

ٹھکرا چکا ہوں ساری میں دنیاوی خواہشیں

جسمانی لذتوں سے بھی رغبت نہیں مجھے

اس کی کمی کو کوئی بھی کم کر نہیں سکا

اب تو عزیز کوئی بھی قربت نہیں مجھے

یارو مجھے نہ چھیڑو کی مصروف ہوں ابھی

محبوب کے خیالوں سے فرصت نہیں مجھے

مری زندگی کٹ گئی بے سہارا (غزل)

مری زندگی کٹ گئی بے سہارا

میں وہ کشتی جس کا نہ کوئی کنارا

جو قسمت نے تیرا ہے یوں ساتھ چھوڑا

بنے گا کوئی کیوں جہاں میں تمہارا

نہیں دوست بنتے کبھی حسن والے

یہ باتیں تو ہیں سب پہ ہی آشکارا

اچانک مرا دل تڑپنے لگا ہے

یہ کس غمزدہ نے ہے مجھ کو پکارا

اے شاکرؔ نہ دل سے تو غم کو جدا کر

مصیبت میں آتا ہے یہ کام پیارا