پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

راغب مرادآبادی کی غزلیں — Raghib Muradabadi Ghazals

راغب مرادآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حق بات ہی کہیں گے سر دار دیکھنا (غزل)

حق بات ہی کہیں گے سر دار دیکھنا

اہل قلم کی جرأت اظہار دیکھنا

دیکھیں جنہیں ہیں دیر کے دیوار و در عزیز

ہم کو تو صرف سوئے در یار دیکھنا

کرتا رہا قلم یوں ہی شاخیں جو باغباں

ناپید ہوگا سایۂ اشجار دیکھنا

سرکار آپ پر جو چھڑکتے ہیں جان آج

بچ کر چلیں گے کل یہ نمک خوار دیکھنا

بنیاد جس کی ہے ہوس اقتدار پر

ہونے کو ہے وہ قلعہ بھی مسمار دیکھنا

ڈالا جو تم نے ہاتھ کلاہ عوام پر

لگ جائیں گے سروں کے بھی انبار دیکھنا

عجیب انتشار ہے زمیں سے آسمان تک (غزل)

عجیب انتشار ہے زمیں سے آسمان تک

غبار ہی غبار ہے زمیں سے آسمان تک

وبائیں قحط زلزلے لپک رہے ہیں پے بہ پے

یہ کس کا اقتدار ہے زمیں سے آسمان تک

بساط خاک بھی تپاں خلا بھی ہے دھواں دھواں

بس اک عذاب نار ہے زمیں سے آسمان تک

گرفت پنجۂ فنا میں خستہ حال و خوں چکاں

حیات مستعار ہے زمیں سے آسمان تک

فغان و اشک و آہ کا جگر گداز سلسلہ

بلطف کردگار ہے زمیں سے آسمان تک

متاع جبر زندگی ہمیں بھی جس نے کی عطا

اسی کا اختیار ہے زمیں سے آسمان تک

فراز عرش کے مکیں شکستہ دل ہمیں نہیں

ہر ایک بے قرار ہے زمیں سے آسمان تک

مزید غزلیں از راغب مرادآبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں