پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

راغب دہلوی کی غزلیں — Raghib Dehlvi Ghazals

راغب دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ ذرہ جس میں اک عالم نہاں تھا (غزل)

وہ ذرہ جس میں اک عالم نہاں تھا

ادب کا ایک بحر بیکراں تھا

وہ نبض وقت کو پہچانتا تھا

وہ رہبر تھا وہ میر کارواں تھا

اسے آتا تھا لفظوں کا برتنا

زباں رکھتا تھا وہ اہل زباں تھا

اخوت کا تھا وہ پرچم اٹھائے

نہ اپنی فکر نہ خوف جہاں تھا

چٹاں کا عزم دھارے کی روانی

جھکا قدموں پہ اس کے آسماں تھا

جو سب چپ چاپ سہہ لیتے ہیں صدمے

وہ ان سب بے زبانوں کی زباں تھا

وطن اس کی رگ و جاں میں بسا تھا

وہ دل دلی کا خود ہندوستاں تھا

اسے ڈھونڈے گا اب راغبؔ زمانہ

کہ اس جیسا زمانے میں کہاں تھا

نہ مے پی اور نہ پیمانہ ملا ہے (غزل)

نہ مے پی اور نہ پیمانہ ملا ہے

یوں ملنے کو تو مے خانہ ملا ہے

نہ آیا جس کے در سے کوئی خالی

وہ خود حال فقیرانہ ملا ہے

خضر ڈھونڈے ہے جس کے نقش پا کو

مجھے اک ایسا دیوانہ ملا ہے

الٰہی خیر ہو اب مے کدہ کی

بہکتا پیر مے خانہ ملا ہے

یہ کیا دل کی صداؤں کا اثر ہے

کہ وہ بے اختیارانہ ملا ہے

سلامت التفات چشم ساقی

کہ کرتا رقص مے خانہ ملا ہے

جھجکتی اور جھکی نظروں سے راغبؔ

سلام ان کا حجابانہ ملا ہے

آج وہ وقت جدائی مجھے یاد آیا ہے (نظم)

آج وہ وقت جدائی مجھے یاد آیا ہے

دل افسردہ ہر اک یاد سے بھر آیا ہے

غیر ممکن ہے مری آنکھ سے آنسو نہ بہیں

ضبط‌ دل اب تو ہر اک حد سے گزر آیا ہے

زندگی ہم کو یہ معلوم نہ تھا تیرے لیے

اپنی ہنستی ہوئی دنیا کو رلانا ہوگا

جن کو دل دیکھ نہ سکتا تھا کبھی افسردہ

آج اس دل نے انہیں اشک بہاتے دیکھا

ماں کی ممتا نے بھی للکارا جھنجھوڑا مجھ کو

باپ نم دیدہ کھڑا دور سے تکتا تھا مجھے

اور اک کونے میں وہ دور کھڑی جان حیات

اپنے افسردہ سے چہرے پہ جو ڈالے تھی نقاب

میں نے چاہا کہ اسے بڑھ کے تسلی دے دوں

سل گئے ہونٹ زباں ہو گئی ساکت میری

میں نہ کچھ بول سکا اور نہ کچھ سن پایا

میری نظروں نے نہ جانے کہا کیا کیا اس سے

کتنے وعدے کیے اور کتنی اٹھائیں قسمیں

صبح نو پھوٹ رہی تھی کہ وطن چھوٹ گیا

دیکھتے دیکھتے خوابوں کا فسوں ٹوٹ گیا

مزید غزلیں از راغب دہلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں