راغب اختر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کچھ بادل کچھ چاند سے پیارے پیارے لوگ (غزل)
کچھ بادل کچھ چاند سے پیارے پیارے لوگ
ڈوب گئے جتنے تھے آنکھ کے تارے لوگ
کچھ پانے کچھ کھو دینے کا دھوکہ ہے
شہر میں جو پھرتے ہیں مارے مارے لوگ
شہر بدن بس رین بسیرا جیسا ہے
منزل پر کب رکتے ہیں بنجارے لوگ
روز تماشا میرے ڈوبتے رہنے کا
دیکھ رہے ہیں بیٹھے خواب کنارے لوگ
گاؤں میں اب گاؤں جیسی بات بھی باقی نہیں (غزل)
گاؤں میں اب گاؤں جیسی بات بھی باقی نہیں
یعنی گزرے وقت کی سوغات بھی باقی نہیں
تتلیوں سے ہلکے پھلکے دن نہ جانے کیا ہوئے
جگنوؤں سی ٹمٹماتی رات بھی باقی نہیں
مسکراہٹ جیب میں رکھی تھی کیسے کھو گئی
حیف اب اشکوں کی وہ برسات بھی باقی نہیں
بت پرستی شیوہ دل ہو تو کوئی کیا کرے
اب تو کعبہ میں حبل اور لات بھی باقی نہیں
چھت پہ جانا چاند کو تکنا کسی کی یاد میں
وقت کے دامن میں وہ اوقات بھی باقی نہیں
زندگی (نظم)
زندگی
اس بار تیری ہار طے ہے
میں
تجھے اس کانپتے سینے کے اندر
گھونٹ دوں گا
اس طرح
کہ تو کہیں معدوم ہو جائے گی یکسر
تجھ سے
ترا رخت تنفس چھین لوں گا
اور تیرے تھرتھراتے جسم کو
میں بھی حقارت سے تکوں گا
اے مجھے معلوم ہیں
سب مکر تیرے
یہ تگاپوئے رہ عدم
یہ فریب ہاؤ ہو
لے تری رعنائیوں پر
کر رہا ہوں آخ تھو