رافت بہرائچی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
عدم سے لائی ہے ہستی میں جستجو تیری (غزل)
عدم سے لائی ہے ہستی میں جستجو تیری
ٹھہرنے دے گی یہاں بھی نہ آرزو تیری
بسر ہوئی شب غم کس طرح سے پوچھ تو لے
مرے تڑپنے کی شاہد ہے آرزو تیری
ہے کعبے میں نہ تسلی نہ بت کدہ میں سکوں
مجھے کہیں کا نہ رکھے گی آرزو تیری
شب فراق میں اب جان لے کے نکلے گی
اجل کے بھیس میں آئی ہے آرزو تیری
کلیم دے چکے اب میرا امتحاں لے لے
مجھے بھی طور پہ لائی ہے آرزو تیری
تسلیاں تو شب غم میں دل کو دیتی ہے
کہوں گا تجھ سے تو اچھی ہے آرزو تیری
بتوں کو مرجع حاجت بنا نہ اے رافتؔ
کہیں بنا نہ دے کافر یہ آرزو تیری
تمام عمر زباں سے یہی تو کام لیا (غزل)
تمام عمر زباں سے یہی تو کام لیا
تمہارا نام لیا یا خدا کا نام لیا
مری زباں نے خدایا یہ کس کا نام لیا
جو مجھ کو میرے تحمل نے بڑھ کے تھام لیا
سلا دیا انہیں جاگے تھے جو شب غم کے
اجل نے اپنے ہی ہاتھوں یہ نیک کام لیا
جو ظرف رکھتے ہیں اعلیٰ وہ بادہ کش ہم ہیں
کبھی نہ دور میں ساقی سے اٹھ کے جام لیا
نکل چکی تھی مرے دل سے آہ عالم سوز
یہ کہیے خیر ہوئی ضبط نے جو تھام لیا
وہ کون ہے یہ ہمیں بھی بتاؤ اے رافتؔ
یہ چپکے چپکے ابھی جس کا تم نے نام لیا