رفیع رضا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پیڑ سوکھا حرف کا اور فاختائیں مر گئیں (غزل)
پیڑ سوکھا حرف کا اور فاختائیں مر گئیں
لب نہ کھولے تو گھٹن سے سب دعائیں مر گئیں
ایک دن اپنا صحیفہ مجھ پہ نازل ہو گیا
اس کو پڑھتے ہی مری ساری خطائیں مر گئیں
یاد کی گدڑی کو میں نے ایک دن پہنا نہیں
ایک دن کے ہجر میں ساری بلائیں مر گئیں
میں نے مستقبل میں جا کر ایک لمبی سانس لی
پھر مرے ماضی کی سب حاسد ہوائیں مر گئیں
میں نے کیا سوچا تھا ان کے واسطے اور کیا ہوا
میرے چپ ہونے سے اندر کی صدائیں مر گئیں
اس طرف مٹی تھی میرے اس طرف اک نور تھا
میں جیا میرے لیے دو انتہائیں مر گئیں
ایک مجذوب اداسی میرے اندر گم ہے (غزل)
ایک مجذوب اداسی میرے اندر گم ہے
اس سمندر میں کوئی اور سمندر گم ہے
بے بسی کیسا پرندہ ہے تمہیں کیا معلوم
اسے معلوم ہے جو میرے برابر گم ہے
چرخ سو رنگ کو فرصت ہو تو ڈھونڈے اس کو
نیلگوں سوچ میں جو مست قلندر گم ہے
دھوپ چھاؤں کا کوئی کھیل ہے بینائی بھی
آنکھ کو ڈھونڈ کے لایا ہوں تو منظر گم ہے
سنگ ریزوں میں مہکتا ہے کوئی سرخ گلاب
وہ جو ماتھے پہ لگا تھا وہی پتھر گم ہے
ایک مدفون دفینہ انہیں اطراف میں تھا
خاک اڑتی ہے یہاں اور وہ گوہر گم ہے