رئیس نیازی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تمہاری بزم میں مجھ تک بھی جام آیا تو (غزل)
تمہاری بزم میں مجھ تک بھی جام آیا تو
وفور شوق نے کوئی مقام پایا تو
قدم قدم پہ ہماری ہی آزمائش ہے
اگر تمہیں کسی منزل پہ آزمایا تو
ہم اپنی تاب نظر سے بہت پشیماں ہیں
پھر اب کی بار ہمیں کچھ نظر نہ آیا تو
دل تباہ سے شاید کوئی کرن پھوٹی
حریم شوق کا ہر گوشہ جگمگایا تو
تمہارے غم کو متاع حیات سمجھا ہوں
بہ اتفاق یہ غم بھی نہ راس آیا تو
مجھے ستاؤ بڑے شوق سے ستاؤ تم
مجھے ستا کے بھی تم نے نہ چین پایا تو
جب سنبھل کر قدم اٹھاتا ہوں (غزل)
جب سنبھل کر قدم اٹھاتا ہوں
کوئی ٹھوکر ضرور کھاتا ہوں
آپ سے جب نظر ملاتا ہوں
کون ہوں کیا ہوں بھول جاتا ہوں
مجھ پہ اے رنگ ڈالنے والو
میں تو رنگوں کا جنم داتا ہوں
وقت ہے مبتلائے خواب عدم
ٹھوکریں مار کر جگاتا ہوں
ذہن ایسا ہے کچھ پراگندہ
یاد کرتا ہوں بھول جاتا ہوں
ڈھونڈھتے پھر رہے ہیں دونوں جہاں
دیکھیے کس کے ہاتھ آتا ہوں
اب نہیں ہے کراہنے کی سکت
چوٹ کھاتا ہوں مسکراتا ہوں