پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رئیس ناروی کی غزلیں — Raees Narvi Ghazals

رئیس ناروی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آپ جس سے کلام کرتے ہیں (غزل)

آپ جس سے کلام کرتے ہیں

نیند اس کی حرام کرتے ہیں

آستیں میں چھپائے ہیں خنجر

منہ سے وہ رام رام کرتے ہیں

عشق کا روگ ان کے بس کا نہیں

دور سے وہ سلام کرتے ہیں

دل سے مجبور تیرے دیوانے

اک جگہ کب قیام کرتے ہیں

دست و بازو کے دور میں تو رئیسؔ

کام سے لوگ نام کرتے ہیں

اس بت سے جو ملنے کی تدبیر نظر آئی (غزل)

اس بت سے جو ملنے کی تدبیر نظر آئی

بنتی ہوئی کچھ اپنی تقدیر نظر آئی

چھپ چھپ کے زمانے سے کیوں اشک روانی ہے

شاید کہ محبت میں تاثیر نظر آئی

جینے کا مزہ کیا ہے جب موت ہی روٹھی ہو

جس سمت قدم اٹھے زنجیر نظر آئی

جب عالم وحشت میں اپنے کو بھلا بیٹھا

انجام محبت کی تقصیر نظر آئی

پیمانہ و مینا کی صورت میں رئیسؔ آخر

ٹوٹی ہوئی توبہ کی تصویر نظر آئی

مزید غزلیں از رئیس ناروی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں