رئیس منظر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
حقیقتوں کو مری داستاں بناتے ہوئے (غزل)
حقیقتوں کو مری داستاں بناتے ہوئے
ہوائیں ڈرنے لگی ہیں مجھے بجھاتے ہوئے
کہاں سے آئے تھے اور کس طرف چلے گئے وہ
مرے سفر میں مجھے آئنہ دکھاتے ہوئے
وہ چاہتے تو ہواؤں کا رخ بدل دیتے
جو دیکھتے رہے شمعوں کو جھلملاتے ہوئے
مجھے پتہ ہے وہ اندر سے کتنے زخمی ہیں
جو میرے سامنے آتے ہیں مسکراتے ہوئے
اچھالتے تھے اندھیروں کو جو مری جانب
مجھے نہ دیکھ سکے روشنی میں آتے ہوئے
خود اپنا وقت گنوانے کی یاد آئی بہت
جو اپنے بچوں کو دیکھا پتنگ اڑاتے ہوئے
سمجھ رہا تھا انہیں کو میں رونما منظرؔ
جو پل رہے تھے مری مشکلیں بڑھاتے ہوئے
ہم بدلتے نہیں قسمت کی لکیروں کی طرح (غزل)
ہم بدلتے نہیں قسمت کی لکیروں کی طرح
ہو کے آزاد بھی جیتے ہیں امیروں کی طرح
بھولے بسرے ہوئے کچھ پل مجھے تنہا پا کر
آج پھر مجھ پہ برسنے لگے تیروں کی طرح
شب کی اک ساعت بیدار میں کتنے ہی سوال
مجھ سے کچھ مانگنے آتے ہیں فقیروں کی طرح
جب کوئی نقش ترازو میں یہاں زر کی تلا
نظر آیا مجھے کاواک لکیروں کی طرح
سوچتا ہوں تو لرز جاتا ہوں اے دست ہنر
میں بھی بک جاؤں گا لوگوں کے ضمیروں کی طرح
سنگ ریزے جو کبھی جمع کیے تھے میں نے
اک کرن نے انہیں چمکا دیا ہیروں کی طرح
بزم کا رنگ اس انداز سے بدلا منظرؔ
روشنی آنکھوں میں چبھنے لگی تیروں کی طرح