رئیس فراز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پکار لیں گے اس کو اتنا آسرا تو چاہئے (غزل)
پکار لیں گے اس کو اتنا آسرا تو چاہئے
دعا خلاف وضع ہے مگر خدا تو چاہئے
بجا کہ میں نے زندگی سے کھائے ہیں بہت فریب
مگر فریب کھانے کو بھی حوصلہ تو چاہئے
میں اپنے عکس کی تلاش کس کے چہرے میں کروں
مجھے بھی زیست نام کا اک آئنا تو چاہئے
نہ اس کے پاس وقت ہے نہ مجھ کو فرصت نظر
جنوں کے واسطے بھی کوئی سلسلہ تو چاہئے
چمن کو مجھ سے ضد سہی گلوں کی بات اور ہے
صبا کے ہاتھ اک پیام بھیجنا تو چاہئے
یہ کیا کہ سر جھکا کے خنجروں کو چومتے رہیں
ستم گروں کو کچھ نہیں تو ٹوکنا تو چاہئے
اتنے چہرے ہیں سبھی پر پیار روشن ہے (غزل)
اتنے چہرے ہیں سبھی پر پیار روشن ہے
کیا خبر چہروں کے پیچھے کون دشمن ہے
دور تک پہنچا کے ہم اپنی صدا خوش ہیں
ورنہ سمجھیں تو یہ اپنا کھوکھلا پن ہے
لوگ تنکے ادھ جلے سگریٹ کے ٹکڑے
اپنی دنیا راکھ اور تنکوں کا برتن ہے
کر رکھے تھے بند اس پر میں نے دروازے
گھر میں اب کتنی گھٹن ہے کتنی سیلن ہے
کھینچ کر الفاظ کو لاتا تو ہوں لیکن
آج کے صفحات پر پھسلن ہی پھسلن ہے
تم بھی اپنی پشت پر اک پوسٹر رکھ لو
آج کل سنتے ہیں کچھ ایسا ہی فیشن ہے