پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رادھے شیام رستوگی احقر کی غزلیں — Radhe Shiyam Rastogi Ahqar Ghazals

رادھے شیام رستوگی احقر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دکھاتے ہیں ادا کچھ بھی تو آفت آ ہی جاتی ہے (غزل)

دکھاتے ہیں ادا کچھ بھی تو آفت آ ہی جاتی ہے

سنبھل کر لاکھ چلتے ہیں قیامت آ ہی جاتی ہے

محبت میں ہیں صبر و شکر کے ہر چند ہم قائل

مگر کچھ کچھ کبھی لب پر شکایت آ ہی جاتی ہے

جو سچ پوچھو تو ہیں عاشق بھی پیرو نازنینوں کے

بدن میں ناتوانی سے نزاکت آ ہی جاتی ہے

مجاز اک پردۂ ادراک ہے تو چشم بینا کو

کسی صورت نظر شکل حقیقت آ ہی جاتی ہے

نہیں جذب دل عاشق سے ہے معشوق کو چارہ

اگر بے درد بھی ہو تو محبت آ ہی جاتی ہے

بتان سیمتن کے وصل سے ہم فیض پاتے ہیں

وہ آتے ہیں تو اپنے گھر میں دولت آ ہی جاتی ہے

ترے اشعار رنگیں سے بھلا فرحت نہ ہو احقرؔ

کہ ان پھولوں سے خوشبوئے فصاحت آ ہی جاتی ہے

ہر زباں پر ہے گفتگو تیری (غزل)

ہر زباں پر ہے گفتگو تیری

ہے ہر اک دل میں آرزو تیری

مہر و مہ دونوں تجھ سے ششدر ہیں

یہ تجلی ہے چار سو تیری

مے سے اے شیخ گر طہارت کر

آبرو ہو دم وضو تیری

زلف سنبل ہے اور کمر رگ گل

ہے یہ تعریف مو بہ مو تیری

گل نہ پھولیں سمائے جامہ میں

گر صبا سے وہ پائیں بو تیری

لائی آہو کو دام میں گویا

آنکھ پر زلف مشکبو تیری

در دنداں پہ تو فدا احقرؔ

چشم گریاں ہے آبرو تیری