پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ربیعہ فخری کی غزلیں — Rabia Fakhri Ghazals

ربیعہ فخری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زیست کیا ہے حماقتوں کے سوا (غزل)

زیست کیا ہے حماقتوں کے سوا

چند ظالم صداقتوں کے سوا

ہم نے دانشوروں سے کیا سیکھا

الجھی الجھی عبارتوں کے سوا

فن کو ورثے میں کیا دیا ہم نے

خوب صورت علامتوں کے سوا

ہم نے اس زندگی سے کیا پایا

چند ذہنی رفاقتوں کے سوا

ان بڑی طاقتوں کے پاس ہے کیا

چھوٹی چھوٹی رقابتوں کے سوا

آستینوں میں دوستوں کی ہے کیا

پس پردہ عداوتوں کے سوا

کیا ہے تہذیب مغربی کا نشاں

اونچی اونچی عمارتوں کے سوا

یہ سیاست کی گرمئ رفتار

کیا ہے مہمل بجھارتوں کے سوا

کیا لیا ہم نے اپنے ماضی سے

نیم مردہ روایتوں کے سوا

اپنی منزل نہیں کوئی شاید

جان لیوا مسافتوں کے سوا

اپنا سرمایۂ حیات ہے کیا

رنگ در رنگ ساعتوں کے سوا

اب وقت سفر آ پہنچا ہے آ مل بیٹھیں دو چار گھڑی (نظم)

اب وقت سفر آ پہنچا ہے آ مل بیٹھیں دو چار گھڑی

جب پہلے پہل تم آئے تھے آغاز سحر کا میلہ تھا

کچھ کرنیں مدھم مدھم تھیں کچھ اجلا اجلا دھندلکا تھا

کچھ ایسی امنگیں تھیں دل میں

جو سرکش بھی معصوم بھی تھیں

کچھ ہستی بولتی نظریں تھیں

جو شوخ بھی بے مفہوم بھی تھیں

سورج کی ابھرتی کرنیں بھی یوں کھیل رہی تھیں پہاڑوں پر

جس طرح ہوا انگاروں پر

نظریں تھیں مری کہساروں پر

پھر دھوپ چڑھی موسم بدلا

حالات کی گردش تیز ہوئی

باہر کی فضا ہیجانی تھی

اندر کے تلاطم خیز ہوئی

کچھ ایسی بلا کی شدت سے ٹکراؤ ہوا طوفانوں کا

جو قدریں تھیں پامال ہوئیں

جو خواب تھے چکنا چور ہوئے

چند ایک لمحے ہاں لیکن

فردا کے جو خد و خال بنے

جو حال سے استقبال بنے

کچھ یادیں جی کا وبال ہوئیں

کچھ زخم کہ جو ناسور بنے

کچھ اشک جو غالب آ کے رہے طوفان کے سرکش دھاروں پر

طوفاں کے تھپیڑوں میں بھی کبھی

جب مڑ کے دیکھا کناروں پر

پاؤں تھے انا کی رکابوں میں نظریں تھیں مری کہساروں پر

اب دن کا میلہ ختم ہوا

اب دھوپ چڑھی دیواروں پر

اب اندھیاروں کا میلہ ہے غاروں شہروں کہساروں پر

اب راکھ چڑھی انگاروں پر

مزید غزلیں از ربیعہ فخری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں